مہنگائی،بجلی بلوں کیخلاف تحریک جاری رکھیں گے ، سراج الحق

مہنگائی،بجلی بلوں کیخلاف تحریک جاری رکھیں گے ، سراج الحق

لاہور (سیاسی نمائندہ،صباح نیوز،این این آئی)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے۔

 گزشتہ پانچ برس تباہی آئی ، مافیا نے مال بنایا اورقوم کا کچومر نکل گیا،لوگ مہنگائی، بے روزگاری سے نفسیاتی مریض بن گئے ۔لاہور کے بعد کوئٹہ گورنرہاؤس کے باہر دھرنے کا آغاز ہوگا۔ جن پارٹیوں نے مہنگائی کے خلاف جلوس نکالے وہ اپنی حکومت کے 16 ماہ کے دوران گرانی میں سو فیصد اضافہ کرگئے ۔ انہوں نے گورنرہاؤس لاہور کے سامنے دھرنے کے دوسرے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں میں شامل بے جاٹیکسز ختم کیے جائیں، بجلی چوری اورحکمران اشرافیہ کی مفت خوری بند کی جائے ۔نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، سابق ایم این اے عبد الاکبر چترالی اور دیگر قائدین بھی دھرنے میں شریک تھے ۔علاوہ ازیں سراج الحق سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے منصورہ میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور ،خطے کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاک ایران تعلقات باہمی محبت،اخوت اور بھائی چارے کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ ایرانی سفیر نے اتحاد امت کے لیے امیرجماعت اسلامی کے کردار کی تحسین کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں