پوری کوشش ہے مہنگائی ختم ہو، سیاستدانوں کے بیان کا جواب نہیں دیتا، محسن نقوی

پوری کوشش ہے مہنگائی ختم ہو، سیاستدانوں کے بیان کا جواب نہیں دیتا، محسن نقوی

لاہور(سپیشل رپورٹر، سیاسی رپورٹر سے)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بند روڈ ایلی ویٹڈ پراجیکٹ کے دونوں پیکیج کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ محسن نقوی نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر کام کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین انتظام کیا جائے۔

مہنگائی کے خاتمے کیلئے پوری کوشش کررہے، سیاستدانوں کے بیان کا جواب نہیں دیتا، پیکیج ون میں نیازی انٹرچینج تا سگیاں انٹرچینج اور پیکیج ٹو میں سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور تعمیرہوگا۔پراجیکٹ کے تحت 4 لین پر مشتمل دو رویہ ہائی رائز سڑک تعمیر کی جائے گی۔کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈورکے اطراف میں بھی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔دوطرفہ ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لیے 9 سب ویز تعمیر کیے جائینگے ۔کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈورکی تکمیل سے روزانہ ایک لاکھ 30 ہزار گاڑیاں گزریں گی۔وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔حادثات اورماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت پیکیج ون میں نیازی انٹرچینج تا سگیاں انٹرچینج کوریڈور کی تعمیر کی جائے گی۔ پیکیج ون کی لمبائی 3.65 کلومیٹر ہے ۔اس پیکیج کی تکمیل کا کل دورانیہ 4 ماہ ہے۔ منصوبے کے تحت پیکیج ون میں ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لیے 4 وہیکلر اینڈ پیڈسٹرین سب ویز بنائے جائیں گے جبکہ پیکیج ٹوکے تحت سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کی تعمیر کی جائے گی۔

محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بند روڈ ایکسیس پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کا ٹریفک سرکل مکمل ہوجائے گا۔7.3کلومیٹر طویل بندروڈ پراجیکٹ تقریباً120روزمیں مکمل کیاجائے گا۔کوشش کریں گے کہ بند روڈ پراجیکٹ دسمبر سے پہلے مکمل ہوجائے ۔بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے کسی بھی علاقے سے موٹر وے تک فوری رسائی ممکن ہوگی۔انکا کہنا تھا چین میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر پر بات کی۔ آئی ٹی،ڈیری ڈویلپمنٹ،زراعت،صنعت اوردیگر شعبوں میں نئی ٹیکنالوجی لانے میں کامیاب ہوں گے ۔ دورہ چین کے ثمرات جلد سب دیکھیں گے ۔پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں اصلاحات کیلئے ورکنگ گروپ قائم کیے جارہے ہیں۔آشوب چشم پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان میں پھیل چکاہے ۔نکاسی آب پنجاب کا بہت بڑا ایشو ہے ،نکاسی آب کے نظام کی تبدیلی کیلئے خطیر رقم درکار ہے۔ہر شہر میں موجود ڈرینج سسٹم کو آپریشنل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں ہی ختم کیے جائیں گے ۔ سیاستدانوں کے بیان کا جواب نہیں دیتا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے حضرت میاں میرؒ کے 400ویں عرس کی تقریبات کا آغاز کردیا،مزار پر چادر پوشی کی اورپھول چڑھائے ۔وزیراعلیٰ نے ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی اور امن واستحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔محسن نقوی نے لائبریری و ا نٹرفیتھ ڈائیلاگ ٹیبل کابھی افتتاح کیا اور لائبریری و انٹر فیتھ ڈائیلاگ ٹیبل کا معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے انٹرفیتھ ڈائیلاگ ٹیبل کے قیام کے اقدام کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے حضرت میاں میرؒ کے مزار کے ماڈل لنگر خانے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ماڈل لنگر خانے کی تعمیر کے لیے محکمہ اوقاف اور مدینہ فاؤنڈیشن میں معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔

محسن نقوی نے کہا کہ حضرت میاں میر ؒ کے عقیدت مندوں کوبہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے حکومت نے اچھے انتظامات کیے ہیں۔ عرس کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنیوالے عقیدت مند ہمارے مہمان ہیں ان کا بھرپو رخیال رکھیں گے ۔ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے چینی ماہرین بہت جلد ہمارے حکام کے ساتھ مل بیٹھیں گے ۔ چین کا ون ونڈو شاندار ہے ،ایک ہی دفتر میں اورایک ہی دن میں سا ری ضروریات پوری ہوجاتی ہے ۔مہنگائی کے خاتمے کیلئے پوری کوشش کررہے ہیں۔ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے پوری قوت کے ساتھ کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔آشوب چشم کے سدباب کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے ۔ بجلی کی پرائس وغیرہ وفاقی حکومت کا اختیار ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے دورہ چین کے بعد لاہور پہنچتے ہی علی الصبح گھوڑا چوک فلائی اوور اور خالد بٹ چوک انڈرپاس پراجیکٹس کا دورہ کیا۔منصوبوں پر کام کرنے والے ورکرز سے مصافحہ کیا اورعلی الصبح تک کام ہوتا دیکھ کر و رکرزکوشاباش دی۔محسن نقوی نے دونوں پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت اور آسانی ملے گی اورسنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈور مکمل ہو گا۔محسن نقوی نے اخبار بینی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اخبارات ہی درست معلومات کا سب سے مستند ذریعہ ہیں۔ اخبارات ہر معاشرے کا اہم حصہ تھے ، ہیں اور رہیں گے ۔اخبار بینی کی عادت ڈیجیٹل دنیا میں کم تو ہوئی ہے لیکن یہ کسی طور ختم نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اخبار کے مطالعہ سے درست اطلاعات تک آسان اور سستی رسائی ممکن ہے ۔عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کی74 ویں سالگرہ کی تقریب گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ہوئی،گورنر پنجاب بلیغ الرحمن،وزیراعلیٰ محسن نقوی،صوبائی وزراء اور چیف سیکرٹری نے چین کے قائمقام قونصل جنرل چاؤ کی کے ساتھ ملکر کیک کاٹا۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چین کے قومی دن پر قائمقام چینی قونصل جنرل کو مبارکباد دی۔قائمقام چینی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا او رکہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کاحالیہ دورہ چین پاک چین تعلقات کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پاک چین تعلقات کا نیادورشروع ہوچکا ہے، دونوں ممالک کے درمیان زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون کی مزید نئی راہیں کھولے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں