مہنگائی :جماعت اسلامی کا گورنر ہائوس کوئٹہ کے سامنے دھرنا

مہنگائی :جماعت اسلامی کا گورنر ہائوس کوئٹہ کے سامنے دھرنا

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی نے گورنر ہائوس کوئٹہ کے سامنے مہنگائی کیخلاف دھرنا دیا، دھرنا کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ نااہل اور کرپٹ قیادت کی وجہ سے ملک روزبروز دلدل میں دھنستا جا رہا ہے، سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، پاکستان کے گورنر ہاؤسز کے اندر اور باہر الگ الگ دنیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور چیف جسٹس کا تعلق بلوچستان سے ہے ، تینوں سے کہتا ہوں بلوچستان کے عوام کو انصاف فراہم کریں، صوبہ کی ترقی، خوشحالی اور روزگار کے لیے کردار ادا کریں پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے عوام کے نہیں، اپنے اور مافیاز کے مفاد میں کام کیا ، سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سستی بجلی پیدا کرنے کے وافر ذرائع موجود ہونے کے باوجود درآمدی فیول کے کارخانے لگائے گئے ،پانی، ہوا اور شمسی توانائی سے سستی بجلی پیدا ہو سکتی ہے ، پیپلزپارٹی نے 1994ء میں آئی پی پیز سے مہنگے معاہدے کیے ، اس کے نتیجے میں مہنگا تیل اور فیول درآمد کیا جارہا ہے ، جن کی سزا مہنگی بجلی کی صورت میں غریب عوام بھگت رہے ہیں، اگر یہ سستے ذرائع سے بجلی پیدا کریں تو پانچ روپے فی یونٹ بجلی بن سکتی ہے ، حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے بجلی فی یونٹ 56روپے ملتی ہے ۔ آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں کے ذمہ داران کا احتساب ہونا چاہیے ، حکومت ان معاہدوں پر نظرثانی کرے ، مہنگے بل بھیجنے کی بجائے بجلی کی چوری، مفت خوری اور لائن لاسز پر قابو پایا جائے ۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ، پٹرول، گیس کے نرخ کم کیے جائیں، اشیائے خورونوش عوام کی پہنچ تک لائی جائیں، نتائج کے حصول تک تحریک جاری رکھیں گے ۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی، جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن و دیگر قائدین نے بھی دھرنا سے خطاب کیا۔ کوئٹہ میں احتجاج کے بعد 6اکتوبر کوکراچی میں گورنرہاؤس کے باہر دھرناہوگا۔علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں سراج الحق نے کہا کہ ادارے غیر جانبداررہیں اورجس دن یہ غیر جانبدار ہوجائیں گے اس دن پی ڈی ایم،پی پی پی اور پی ٹی آئی کی سیاست ختم ہوجائے گی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں