گنجائش ہے تو سردی میں الیکشن نہ کرائیں:غفور حیدری

گنجائش ہے تو سردی میں الیکشن نہ کرائیں:غفور حیدری

لاہور(سٹاف رپورٹر)جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جنوری میں الیکشن اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

 تاہم اگر الیکشن کمیشن کے ضابطوں میں کوئی گنجائش ہے تو سردی کے موسم میں الیکشن نہ کرائیں، احتساب کے نام پر الیکشن میں ایک دن کا بھی التوا نہیں ہوناچاہئے ، وقت پر الیکشن چاہتے ہیں ،نام لئے بغیر کہوں گا جو پاور میں تھے وہ سب ملکی حالات کے ذمہ دار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصحافی امداد حسین سومرو کی رہائش گاہ پر ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مولانا محمد امجد ، حافظ غضنفر اور دیگررہنما ان کے ہمراہد تھے ۔مولاناحیدری نے جے یو آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری مفتی عبدالحفیظ سے ان کی والدہ کی وفات پر اور ممتاز صحافی جواد فیضی سے بھی اظہار تعزیت کی۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ شہبازشریف کیوں جلدی میں آئے اورکیوں جلدی میں لندن واپس گئے یہ مسلم لیگ ن سے پوچھیں،ن لیگ کسی کے خلاف احتجاج کرتی تو ہم احتجاج کے پابند نہیں ،ن لیگ نے رابطہ کیا تو مشورہ کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں اگر 2018کی تاریخ دہرائی گئی تو جے یو آئی مزاحمت کرے گی،پاکستان کے موجودہ حالات 2018ء کے الیکشن کے باعث ہوئے ،دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا اثر پاکستان میں کچھ زیادہ پڑ رہا ہے، ہم آئین کے چوکیدار ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں