اسرائیل کے حوالے سے پاکستان اپنے مفادات اور فلسطینی عوام کو مدنظر رکھ کر ہی کوئی فیصلہ کریگا :جلیل جیلانی

اسلام آباد(وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر خارجہ کی کسی پاکستانی اہلکار سے ملاقات نہیں ہوئی۔
انہوں نے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے معاملے پر دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے قومی مفادات اور فلسطینی عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر ہی اس بارے میں کوئی فیصلہ کرے گا۔اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن کی اس بات پر کہ ان کی کئی مسلم ممالک کے ایسے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جس پر پاکستانی وزیر خارجہ نے دوٹوک انداز سے واضح کیا کہ اسرائیلی وزیرخارجہ کی حالیہ کچھ عرصے میں کسی پاکستانی اہلکار سے ملاقات نہیں ہوئی۔ پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدوی سے ملاقات کی ، وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جی سی سی کو خطے میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر دیکھتا ہے جو پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔