پاکستان عالمی مالیاتی اداروں ، استعمار کا راجواڑہ بن گیا:سراج الحق
جوہرآباد،خوشاب(نمائندہ دُنیا،صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکمرانوں کے غلط فیصلوں سے پاکستان عالمی مالیاتی اداروں اور استعمار کا راجواڑہ بن گیا، ملک 25 کروڑ عوام کا، فیصلے آئی ایم ایف کرتا ہے۔
نگران حکومت کے پاس اختیار نہیں تو بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر عوام کو کیوں لوٹا جارہا ہے ؟ ،اسرائیل ایک ناجائزریاست ہے ،اسلام آباد کی جانب سے اسے تسلیم کرنے کی کسی بھی حرکت کوپاکستانی قوم سختی سے دفن کردے گی،الیکشن کمیشن قومی انتخابات کی واضح اور ایک تاریخ دے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خوشاب میں جماعت اسلامی کے رکن خالق داد بھٹی کی نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومتوں کے بعد اب نگران حکومت بھی بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ کر کے غریب عوام میں موت کے پروانے تقسیم کر رہی ہے ، اس ظلم و نا انصافی کیخلاف ہمارا جہاد جاری ہے اوررہے گا ، انہوں نے کہا کہ بھارت چاند کے بعد سورج پر ریسرچ کی جانب جا رہا لیکن پاکستان کے عوام آٹے اور چینی کیلئے سڑکوں پر ہیں،نیدرلینڈ میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسلامی دنیا کے حکمران اور او آئی سی مل کر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کریں ۔