الیکشن کے بعد ہم حکومت بنائیں گے :رانا ثنا اللہ کا دعویٰ
فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد ہم حکومت بنائیں گے ،مہنگائی کا شور ڈالنے والے 2017-18ء کو یاد کریں، مسلم لیگ ن نے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔
کوئی ملک یا گھر نفرت کی بنیاد پر قائم نہیں ہوسکتا، اگر کوئی پاگل ہوجائے تو جب تک اسے باندھیں گے نہیں گھر نہیں چلے گا۔فیصل آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اللہ پاک اچھا وقت لے کر آئے ،عوام کے تمام جائز کام کروائیں گے ،ہم نے دوبارہ وعدہ کیا ہے ملک کو دوبارہ مسائل سے نکالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں چینی 52 روپے کلو، پٹرول 65 اور ڈالر 110 روپے تک تھا، جب ملک ترقی کررہا تھا تو پاگل خان کا تجربہ کرنے کی کیا ضرورت تھی، اقتدار مل گیا تھا تو تم ملک کو ترقی کی راہ پر چلاتے ، شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پیشکش کی تھی وزیراعظم بن گئے ہیں آؤ مل کر چلیں ۔سابق وزیر داخلہ نے کہا جب آپ ووٹ دیں گے ، 5 سال کا مینڈیٹ ہوگا تو تب ملک ترقی کرے گا، اپنے گھر کی ہیروئن ہماری گاڑیوں میں رکھ کر جھوٹے مقدمات بنائے گئے ،اللہ پاک نے ہمیں بچایا، 9 مئی ہم نے نہیں کیا، آپ لوگوں نے کیا۔