انتخابات کا شیڈول چند روز میں جاری کر دیا جائیگا:چیف الیکشن کمشنر

انتخابات کا شیڈول چند روز میں جاری کر دیا جائیگا:چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد(اے پی پی)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا انتخابات کا شیڈول چند روز میں جاری کردیا جائیگا،الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے ،ہم شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار اور پر عزم ہیں۔

الیکشن کمیشن آپ کو یقین دلاتا ہے کہ الیکشن کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ آپ مکمل رازداری اور شفافیت کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے 7دسمبرکو قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں، پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے ۔اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔انتخابات کے سلسلے میں بے بنیاد خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔چیف الیکشن کمشنرنے اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لیں، یہ عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔الیکشن کمیشن اس وقت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔ حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔الیکشن کمیشن چند دنوں میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں، ریٹرننگ افسروں اور اسسٹنٹ افسروں کا نوٹیفکیشن جاری کر نے جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی چند روز میں الیکشن شیڈول دیا جائے گا اور پولنگ 8 فروری 2024 کو ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں