غزہ میں صورتحال سنگین:عالمی برادری کشمیریوں کے حقوق کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے:نگران وزیراعظم

غزہ میں صورتحال سنگین:عالمی برادری کشمیریوں کے حقوق کیلئے  بھارت پر دباؤ ڈالے:نگران وزیراعظم

اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے ۔

پاکستان کی حکومت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تمام اقدار، اصولوں اور قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پرپاکستان بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کے اپنے مطالبے اور بھارت کے ظلم، قبضے اور جبر کے خلاف کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے ۔انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ اس موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ہمراہ انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ میں شامل ہے ، یہ تاریخی اعلامیہ نسل، رنگ، مذہب، جنس، زبان، سیاسی یا دیگر رائے ، قومی یا سماجی بنیاد، جائیداد، پیدائش یا دوسری حیثیت سے قطع نظر ان ناقابل تنسیخ حقوق کا احاطہ کرتا ہے جن کے تمام انسان یکساں حقدار ہیں۔ نگران وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی حکومت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

پاکستان نے انسانی حقوق کے مقصد کے لئے اپنی وابستگی کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے جس کی عکاسی ان اقدامات اور پالیسیوں کے ذریعے بھی ہورہی ہے جوپاکستان نے اپنے شہریوں کے وقار اور حقوق کے تحفظ کیلئے کئے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے چنداہم اقدامات میں بنیادی انسانی حقوق کے کنونشنز کی توثیق، پاکستان کے آئین میں بنیادی حقوق کی شمولیت ، انسانی حقوق کے قوانین کا نفاذ اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے اداروں کا قیام شامل ہے ، خواتین، بچوں، اقلیتوں، معذور افراد، بزرگ شہریوں اور خواجہ سراؤں سمیت کمزور آبادی کے حقوق کے تحفظ کے لئے خصوصی قوانین بنائے گئے ہیں۔ان قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت نے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق قائم کیا ہے ، کمیشن کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کااختیارحاصل ہے ، انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق سے متعلق مسائل سے نمٹنے میں درپیش پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو دنیا کے دیگر حصوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش ہے ۔ جنوبی ایشیا کے خطہ میں بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں بھارت انسانی حقوق کی تمام اقدار، اصولوں اور قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات، جن کا مقصد آبادی میں تبدیلی اور کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم کرنا تھا، جس سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، شناخت، بنیادی آزادیوں سے محرومی اور ظلم وجبر میں مزید اضافہ ہواہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں