بینکوں کی شاخیں آج اور کل کھلی رہیں گی ، یکم جنوری کولین دین بند
اسلام آباد (اے پی پی)ٹیکس دہندگان کو سرکاری ڈیوٹیوں و ٹیکسوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کی غرض سے بینکوں کی شاخیں آج اور کل کھلی رہیں گی جبکہ بینک دولت پاکستان، کمرشل بینک اور مالیاتی ادارے پیر یکم جنوری 2024 کو ''بینک تعطیل'' کے موقع پر عوام سے لین دین کے لیے بند رہیں گے ۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ بیان کے مطابق ادائیگی کی اسی دن کلیئرنگ کو یقینی بنانے کے لیے نفٹ کو آج ہفتہ کو سہ پہر 3 بجے اور کل اتوار کو شام 5 بجے خصوصی کلیئرنگ کا اہتمام کر نے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ٹیکس وصولیوں کے التوا کو دور کرنے کیلئے بینک اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دفتری اوقات کے دوران سرکاری وصولیوں سے متعلق دی گئی کوئی بھی دستاویز برانچ کاؤنٹرز پر نظر انداز نہ کی جائے ۔ دوسری طرف تمام بینک/ترقیاتی مالی ادارے /مائیکرو فنانس بینک یکم جنوری کو عوام سے لین دین کے لیے بند رہیں گے تاہم ملازمین حسب معمول دفتر میں حاضر ہوں گے ۔