محسن نقوی کی میانوالی میں شہید میجر بابر خان کی رہائش گاہ آمد

 محسن نقوی کی میانوالی میں شہید میجر بابر خان کی رہائش گاہ آمد

راولپنڈی،میانوالی (دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن پوری طاقت سے جاری رہے گا۔

انہوں نے بلوچستان میں شہید ہونے والے میجر بابر خان کی جرات و بہادری پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جس قوم کے پاس شہید میجر بابر خان جیسے بہادر سپوت ہوں اسے دشمن شکست نہیں دے سکتا، پاک دھرتی کے بہادر سپو ت نے جان دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیر داخلہ گزشتہ روز میانوالی کے علاقے مسلم کالونی میں شہید میجر بابر خان کی رہائش گاہ پر پہنچے  جہاں انہوں نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے شہید میجر بابر کے والد نور خان سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیا۔وفاقی وزیرداخلہ شہید میجر بابر خان کے بھائیوں کیپٹن ناصر اور سہیل خان سے بھی ملے اور تعزیت کا اظہار کیا۔ دریں اثنا میجر بابر نیازی کی نماز جنازہ ژوب کینٹ میں ادا کر دی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی اور سول افسروں، عوام اور سول انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شہید میجر بابر نیازی کو ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ملک کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی دہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں