رواں ہفتے بارشوں کی پیشگوئی

رواں ہفتے بارشوں کی پیشگوئی

لاہور ،کراچی ،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں،اپنے رپورٹرسے)ملک کے بیشتر علاقے پیر کو بھی بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے تاہم محکمہ موسمیات نے آج سے یکم جون تک بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

موہنجو داڑو،شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 52 ،دادو، جیکب آباد51، خیر پور، لاڑکانہ، روہڑی، سبی، بھکر، رحیم یار خان، سکرنڈ، سکھر50،خانپور، کوٹ ادو، پڈعیدن، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں 49ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقے پیر کو بھی بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے لاہور میں پارہ 46ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ہفتے کے دوران صوبے کے مختلف شہروں میں بارش اور آندھی کا الرٹ جاری کردیا ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے ۔ کراچی میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری جسکا دورانیہ 3 روز تک رہے گا جبکہ پارہ 42ڈگری تک جانے کا امکان ہے ۔ادھرمحکمہ موسمیات کے مطابق آج سے یکم جون تک کوئٹہ، ژوب، زیارت،بارکھان ،چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، کوہستان، وزیرستان، شانگلہ، لکی مروت، کرک، پشاور اور مردان میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے ساتھ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بھی بارش متوقع ہے ۔ لاہور، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ جبکہ سندھ میں کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور حیدر آباد میں 28 اور 29 مئی کو بارشوں کا امکان ہے۔ آج لاہور میں تیز آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے آج سے یکم جون تک اسلام آباد اور مری سمیت پنجاب کے بیشتر مقامات پر آندھی، جھکڑ اور بارش متوقع ہے۔ رواں ہفتے جنوبی علاقوں میں ہیٹ ویو برقرار رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں