مذاکرات کا میاب ،فلورملز کی ہڑتال10روز تک مؤ خر

لاہور، کراچی ، اسلام آباد (اپنے سٹی رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)فلور ملز ایسوسی ایشن اور حکومت میں ود ہولڈنگ ٹیکس پر ڈیڈلاک ختم ، کامیاب مذاکرات کے بعد ہڑتال10روز کیلئے 22جولائی تک موخر کر دی ۔
حکومتی کمیٹی میں شامل4 وفاقی وزرا اور چیئرمین ایف بی آر نے فلور ملز کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔وزیر اعظم نے مذاکرات کا ٹاسک وفاقی وزیر احد چیمہ کو سونپا تھا، ملاقات میں وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک اور ایف بی آر حکام بھی شریک ہوئے ۔ فلور ملز نے ود ہولڈنگ ٹیکس پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے فلور ملرز پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے پر اتفاق کیاجس پر فلور ملز نے ہڑتال موخر کرنے کی بات مان لی۔حکومتی کمیٹی نے آئندہ جمعرات کو فلور ملرز کو بلا لیا ،ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے بارے اجلاس ہو گا۔حتمی فیصلے تک فلور ملز پر سیکشن 153اے کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس 0.25فیصد رہے گا۔چیئرمین فلور ملز عاصم رضا کا کہنا ہے کہ ہڑتال ختم نہیں ، 10 روز تک موخر کی جا رہی ہے ۔ جمعرات کو اجلاس میں ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ ہو گا ۔ فلور ملز نے موقف کو جزوی طور پر تسلیم کرنے پر گندم کی واشنگ شروع کردی۔ آج(اتوار )سے پسائی، پیر سے ملک بھر میں آٹا سپلائی معمول کے مطابق بحال ہو جائیگی۔ قبل ازیں فلورملزکی ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تیسرے روز بھی ہڑتال سے مختلف شہروں میں آٹے کا سٹاک ختم ہوناشروع ہوگیا۔ آٹے کی قلت کو دیکھتے ہوئے آٹا ڈیلرز، دکانداروں نے من مانے نرخوں پر فروخت شروع کر دی ۔ زیادہ تر علاقوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1800روپے کی سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں ۔