شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کااعلان کردیا
لاہور(سیاسی رپورٹرسے )رہنما تحریک انصاف سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کااعلان کردیا ،شفقت محمود کاکہناہے کہ میں اپنی باقی عمر تحریر اور تدریس کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں۔
شفقت محمود نے اپنے ٹویٹ میں فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آج سے 34 سال پہلے میں نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا۔ بہت سوچ بچار کے بعد میں نے اب سیاست سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے -یہ فیصلہ نہ ہی کسی پریشر کی وجہ سے ہے ، اور نہ ہی میرا ارادہ کسی اورسیاسی جماعت میں جانے کا ہے ۔ یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے ۔ میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کہ سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے ،بطور وزیر تعلیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ یکساں نصاب بنایا اور کووڈ کے مشکل وقت میں تعلیمی نظام کامیابی سے سنبھالا۔میں چیئرمین تحریک انصاف کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہ خدمت کا موقع فراہم کیا ۔ میں تحریک انصاف اور اپنے حلقے کے عوام کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے دو دفعہ مجھے شرف نمائند گی بخشا، ملک کی خدمت کا یہ جذبہ تاحیات رہے گا اور امید ہے کہ تحریر و تدریس اور میڈیا کے ذریعے یہ سفر جاری رہے گا۔