ہر فرد کی جان قیمتی،ریسکیو سروسز میں پنجاب رول ماڈل بن چکا:مریم نواز
لاہور (اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے کہ ہر فرد کی جان قیمتی ہے ، ائیر ایمبولینس سے دور دراز کے مریض کو علاج کیلئے بڑے ہسپتال پہنچایا جاسکے گا،ائیر ایمبولینس پراجیکٹ عوام کے لئے ہے۔
ایمرجنسی کی صورت میں جان بچائی جاسکے گی۔وزیراعلیٰ سے گزشتہ روز سیکرٹری ایمرجنسی سروسزڈاکٹر رضوان نصیر نے ملاقات کی،ملاقات میں ائیرایمبولینس پراجیکٹ،موٹروے ریسکیو 1122سروسز کے آغاز اورایئر ایمبولینس کے لئے نئے جہازوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں سنٹرل پنجاب میں ہنگامی حالت کی صورت میں مریض کی فوری منتقلی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا،سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے ائیر ایمبولینس پراجیکٹ پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے موٹرویز پر ریسکیوسروسز کے جلد آغاز کے لئے اقدامات کی ہدایت کی-انہوں نے کہاکہ پنجاب کو ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کا اعزاز حاصل ہوچکاہے ،ہارٹ اٹیک، ہیڈ انجری اور سپائنل انجری کی صورت میں مریض کاگولڈن آور میں ہسپتال پہنچنا ضروری ہے ،گولڈن آور میں مریض کی بڑے ہسپتال منتقلی بہت بڑا ٹاسک ہے ۔ان کا کہناتھاکہ موٹرویز کے انٹر چینج پر ریسکیو 1122ایمبولینس موجود ہوگی جس سے موٹرویز پر حادثات کی صورت میں ریسکیو ایمبولینس کا فوراً پہنچنا ممکن ہوگا،پنجاب موٹرویزپر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا-ریسکیو سروسز میں پنجاب صرف پاکستان ہی نہیں جنوبی ایشیا میں رول ماڈل بن چکا ہے ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے روجھان میں رودکوہی سے گھر زیر آب آنے پر رپورٹ طلب کرلی اور رودکوہی سے زیر آب آنے والے گھروں کے مکینوں کے ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات کا حکم دیا ،وزیراعلیٰ نے متاثرہ افراد اور انکے مال مویشی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم بھی دیا۔