9مئی:ہمارے خلاف سازش،غلطی ثابت کریں تو معافی مانگیں گے:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
راولپنڈی (خبر نگار،دنیانیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاہے کہ9مئی کو ہمارے خلاف سازش ہوئی تھی ،غلطی ثابت کریں تو معافی مانگیں گے ،میں ایک آفیشل پوزیشن پر ہوں، میرے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہوتے ہیں، مذاکرات اور بات چیت ہوتی رہتی ہے لیکن ابھی فیصلہ کن مرحلے تک نہیں پہنچے ۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی اپنے نظر ئیے پر ڈٹے ہوئے ہیں، نظریہ قید نہیں ہو سکتا۔ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ عوام کو صوابی جلسے میں بھرپور شرکت کرنی چاہئے ، حقیقی آزادی اورآئین کی بالادستی کیلئے قوم کھڑی رہے گی۔ ملکی حالات اورمعیشت پر بانی پی ٹی آئی کو تشویش ہے ، وہ ملک کیلئے بات چیت کرنے کو تیارہیں ۔بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ ہمارے مینڈیٹ کو چھینا گیا، 9 مئی واقعات ثابت ہوئے تو اس کی معافی مانگنے کو تیار ہیں، آپ کی بھی غلطیاں ثابت ہوں تو معافی مانگنی پڑے گی۔ 9 مئی کو ایک منصوبہ بندی کے تحت ہمارے خلاف سازش ہوئی، جس کی غلطی ہے اس کو ماننا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارا سوشل میڈیا مجھ پر بھی تنقید کرتا ہے اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں اس سے اظہار لاتعلقی کردوں۔ شیر افضل مروت کو نوٹسز عمران خان کی ہدایت پر د ئیے گئے ، ہم پارٹی کے اندر یہ معاملات حل کرلیں گے ۔میں اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کروں گا اوراگرجلسہ نہ کر سکا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ حکومت کہتی ہے ہم سے مذاکرات کرو لیکن ہم کہتے ہیں کہ تم تو حکومت ہو ہی نہیں، جب ان سے بات کریں گے تو ہم بھی اپنے شہیدوں کو نہیں بھولیں گے ۔