5مرلہ تک کے پلاٹ پر گھر بنانے کیلئے قرض ملے گا:مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس،اپنی چھت،اپنا گھرپر وگرام کا جائزہ

5مرلہ تک کے پلاٹ پر گھر بنانے کیلئے قرض ملے گا:مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس،اپنی چھت،اپنا گھرپر وگرام کا جائزہ

لاہور ،مری (نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف 14اگست کو ’’عزم ہر بے گھر کے لئے اپنی چھت اپنا گھر‘‘پروگرام لانچ کریں گی ،انہوں نے گزشتہ روز ایک اجلاس میں جس پروگرام کے تحت تین ماڈلز کی اصولی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ نے ماڈل گھر کے نقشہ لیونگ روم کا اضافہ کروایا اور پلاٹ پر قرض حاصل کرنیوالوں سے سروس چارجز لینے سے روک دیا ،وزیراعلیٰ کو بتایاگیاکہ 5 مرلہ تک کے پلاٹ پرگھر بنانے کیلئے بلاسود قرض ملے گا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ’’ اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام پرتفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیر اعلیٰ نے عوام کی سہولت کیلئے ٹال فری نمبر متعارف کروانے کا حکم دیا،ان کی ہدایت پر پی آئی ٹی بی پروگرام کے لئے خصوصی پورٹل تیار کرے گا،ماڈل گھر حاصل کرنے کے خواہش مند گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے ۔سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر)اسد اللہ خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘پروگرام کیلئے فارم ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے حاصل کئے جا سکیں گے ۔

ایک سے پانچ مرلہ تک پلاٹ کے مالکان گھر بنانے کے لئے بلاسود قرضہ حاصل کر سکیں گے اوروزیراعلیٰ کی ہدایت پر قرضے کی وصولی آسان قسطوں میں کی جائے گی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری زمین پر گراؤنڈ اور تین منزلہ اپارٹمنٹ کے پروگرام کا پی سی ون منظور ہوگیاہے جبکہ فزیبلٹی سٹڈی جلد ہوگی۔ پرائیویٹ سکیموں میں تین اور پانچ مرلہ کے گھر پھاٹا کے الاٹیز کو ملیں گے ۔ پھاٹا کے الاٹی پرائیویٹ سکیم میں گھر لینے پر پانچ سال میں گھر کی اقساط ادا کریں گے ۔ حکومت پنجاب پرائیویٹ سکیم میں گھر کی لاگت کا بوجھ کم کرنے کے لئے سبسڈی دے گی ۔ مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے قرض کی ادائیگی پر سروس چارجز پر حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ مریم نواز لاہور سے چھانگلہ گلی پہنچیں جہاں نوازشریف چند روز سے قیام پذیر ہیں ،اسحاق ڈار بھی گزشتہ روزچھانگلہ گلی پہنچے ،تینوں لیگی رہنما ؤں کے درمیان اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں