کراچی میں بھی دھرنا،پشاور،لاہور اور بلوچستان میں بھی آرہے:حافظ نعیم
راولپنڈی، اسلام آباد (نیوزرپورٹر، آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکومت کے پاس عوامی مطالبات کی منظوری کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، حکمران اشرافیہ اپنی عیاشیاں ختم کرے۔
ملک کے غریب نے بہت برداشت کر لیا، آئی پی پیز کو لگام کیوں نہیں ڈالتے ، اپنی مراعات کم کیوں نہیں کرتے ؟ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو دھرنوں کا سلسلہ بڑھتا جائے گا۔ کراچی کے بعد پشاور اور لاہور میں بھی دھرنا شروع ہو گا۔ مطالبات نہ مانے تو دھرنوں کا سلسلہ بڑھتا جائے گا۔آئی پی پیز معاہدوں، مہنگی بجلی اور تنخواہ دارطبقے پراضافی ٹیکسوں کے خلاف راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا دھرنا دسویں روز داخل ہو گیا۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا راولپنڈی دھرنے کی حمایت میں کراچی میں بھی احتجاج کا آغاز کر دیا گیا، امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان ریلی کے ہمراہ گورنر ہاؤس پر موجود ہیں۔ سارے آپشن ہمارے پاس موجود ہیں ہم پر امن طور پر اپنا حق مانگتے ہیں۔ دھرنا اس ملک کے عوام کی امید ہے ،ہم مطالبات کی منظوری کے بغیر کسی صورت دھرنا ختم نہیں کریں گے ۔ دریں اثنا نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا مذاکرات ہماری خواہش نہیں تھی حکومت نے خود رابطہ کیا اور اب عملاً فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے ، جماعت اسلامی نے مطالبات دے دیئے ، حکومت عملدرآمد کرائے ۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی ایک مخصوص مراعات یافتہ طبقہ اڑا رہا ہے ، ٹیکسوں میں اضافہ سے تمام ملازمین پریشان ہیں، صنعت، تجارت، زراعت پر بوجھ نا قابل برداشت ہے ۔ ادھر جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں میں مذاکرات کے دو دور ہوچکے جو بے نتیجہ رہے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔