طوفانی بارشیں،نالوں میں طغیانی،مختلف واقعات میں 19افراد جاں بحق

طوفانی بارشیں،نالوں میں طغیانی،مختلف واقعات میں 19افراد جاں بحق

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، نمائندگان دنیا ، ایجنسیاں )ملک کے بیشتر شہروں میں مون سون بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، برساتی نالوں میں طغیانی سے فصلیں تباہ اور سینکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے ، مختلف مقامات پر19 افراد جاں بحق ہو گئے ۔

 تفصیلات کے مطابق میانوالی میں بارش کے باعث برساتی نالوں میں شدید طغیانی سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ روجھان میں کوہ سلیمان سے نکلنے والے زنگی اور سوری نالوں میں طغیانی سے سیلابی ریلا قریبی بستیوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث 100 سے زائد مکانات پانی میں ڈوب گئے ۔ کندیاں کے قریب دریائے سندھ میں طغیانی اور چشمہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے ۔جہلم میں بارش کے باعث چھت گرنے سے زخمی ہونے والی عورت چل بسی۔ چار روز قبل خورد گاؤں میں خستہ حال گھر کی چھت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں ماں دو دن کے بیٹے سمیت زخمی ہوئی تھی جبکہ دس سالہ بیٹی موقع پر جاں بحق ہوگئی تھی۔واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دو ہوگئی ۔ڈیرہ غازیخان میں بارشوں اور بجلی کی ننگی تاروں کے باعث کرنٹ لگنے سے 3بچے جاں بحق ،10افرادزخمی ہوگئے ،دوسرے واقعہ میں کرنٹ لگنے سے 2بچے اور ان کی ماں بے ہوش ہوگئی ۔دوسری جانب تونسہ بیراج کے مقام پردریائے سندھ نے کچے کے علاقوں میں تباہی مچادی،موضع پرہاڑبیڑی والا پل سپرنمبر33دریابرد،سپر34 بھی شدید متاثر،لوگ نقل مکانی پر مجبور،کٹاؤ میں شدت سے کئی مواضعات زیرآب آگئے ، کئی گھر، سکول ، مساجد،قبرستان سمیت تل، گنا اور چارے کی کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی دریابرد ہوگئیں ،آبادی کو بھی خطرہ،انتظامیہ غائب،متاثرین سراپااحتجاج بن گئے ۔

جامشورو میں بارش کے باعث کئی مکانوں کی چھتیں گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ نوشہرو فیروز میں چھتیں گرنے کے تین واقعات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے ، جیکب آباد میں چھت گرنے سے 2 افراد ملبے تلے دب کرجاں بحق ہوگئے ۔دادو میں مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ۔خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں چھت گرنے اوربرساتی نالوں میں ڈوبنے سے 2بچوں سمیت 4افراد جاں بحق ہو گئے ، تین کی لاشیں نکال لی گئیں، بابل خیل برساتی نالے کوعبور کرنے کے دوران نانا اور نواسہ ڈوب گئے ، لواغرالگڈہ میں برساتی نالے میں ڈوبنے والے 26 سالہ شہزاد کی لاش نکال لی گئی ۔ٹانک میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے بچہ اور2خواتین جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا۔

ادھر دیرلوئر کے علاقے ثمرباغ سورہ غونڈو میں گھر کا برآمدہ گرنے سے جواں سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ چارسدہ کے علاقے عمرزئی چیندرو ڈاگ میں مکان گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ متاثرہ افراد کو ضلعی ہسپتال چارسدہ لایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 60 سالہ جنت بی بی جاں بحق ہوگئیں۔کوہستان کے مختلف علاقوں تھانہ احمد خان،نوری آباد، کرچات، بال، سری، پوکن، کیئجی اور دوسروں علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔کیرتھر پہاڑی سے پانی کے بہاؤ کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ کرچات کے علاقے میں سلطان برفت گاؤں میں ایک مسجد شہید ہوگئی جبکہ گاؤں علی نواز برفت میں کچا مکان گرنے سے 65 سالہ علی محمد برفت اور اس کی بہو دب کر جاں بحق ہوگئے ۔علاوہ ازیں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔ بارشوں کا یہ سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں