یوم استحصال کشمیر پر ریلیاں، بہتر یہی ہے بھارت بیٹھ کر تنازعات حل کرے: شہباز شریف
اسلام آباد،سرینگر(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک)کنٹرول لائن کے دونوں جانب، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے 5 اگست 2019 کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے غیر قانونی خاتمے کے خلاف احتجاج کے لیے یوم استحصال کشمیر منایا اس موقع پر بھارت کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بہتر یہی ہے کہ ہم امن کا راستہ اپنائیں ،بھارت ہمارے ساتھ بیٹھ کر تنازعات کو حل کرے ۔ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہندوستان اور اسرائیل کو کشمیریوں اور فلسطینیوں کوان کا بنیادی حق دیناپڑے گا، کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے ،وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کا خون رنگ لائیگا، بھارت کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر سکتا۔وزیراعظم نے کہا5 اگست 2019 کو ہندوستانی حکومت نے غاصبانہ طورپراپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کو چھین لیا اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ کر کے کشمیر میں غیر ریاستی افراد کو آباد ہونے کا قانونی حق دیاگیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی مدد جاری رکھے گا اور عالمی فورمز کے دروازے کھٹکھٹاتا رہے گا ۔
شہباز شریف نے کہا کشمیری اور فلسطینیوں کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہاپاکستان نے اپنی جوہری قوت کو جارحیت کے لئے استعمال کرنے کاسوچا بھی نہیں ، بہتر راستہ امن کاراستہ ہے اور ان تنازعات کامل بیٹھ کر حل نکالنے کے لئے بھارت کو ہوش کے ناخن لینے پڑیں گے ۔پاکستان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قیادت کو خطوط لکھے ہیں تاکہ انہیں 5 اگست 2019 سے بھارتی اقدامات کے سنگین نتائج سے آگاہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے اپنے خطوط میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد پر زور دیا تاکہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کا موقع فراہم کیا جاسکے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے حکومت کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کا کوئی جواز نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام کے ہمراہ یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
وزیر اطلاعات نے کہا مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہئے ۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے پیغام میں کہا عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکے ۔پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیغام میں کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبر و بربریت کے سارے ہتھکنڈے آزما چکا،پیپلز پارٹی تمام عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کی وکالت کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں یوم سیاہ منایا گیا جبکہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کی جانب توجہ مبذول کرانے کے لیے آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھرمیں احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور سیمینارزکا انعقاد کیا گیا۔ یوم استحصال کشمیر منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی تھی۔احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کو روکنے کے لیے قابض حکام نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پابندیاں مزیدسخت کر دیں۔ قابض حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماآغا سید حسن الموسوی الصفوی ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی اور کئی دیگر رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کر دیا۔
یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اسلام آباد میں دفترخارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی ۔ قیادت وزیرامورکشمیر وگلگت بلتستان امیرمقام اورسیکرٹری خارجہ سائرس قاضی نے کی ۔حریت قیادت، ارکان قومی اسمبلی، طلبا، سرکاری ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔قومی و آزاد کشمیر کے پرچم تھامے شرکا نے بھارتی مظالم کے خلاف اورمظلوم کشمیروں کے حق میں نعرے بازی کی ڈی چوک پہنچنے پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اس موقع پرڈپٹی وزیراعظم ،وزیر خارجہ محمد ا سحا ق ڈار ، سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس، ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید ،حریت رہنما غلام محمد صفی مشتاق احمد بٹ بھی موجود تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوے اسحاق ڈار نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔ امریکا میں مقیم کشمیریوں اوران کے حامیوں نے نیویارک کے ٹائمز سکوائر پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا ۔تقریب میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ اور کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے خطاب کیا جبکہ صدر مملکت، وزیر اعظم اور سابق وفاقی وزیر مشاہد حسین سید کے پیغامات سنائے گئے۔