ایم این اے امتیاز احمد کی بازیابی کی درخواست ، آئی جی طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی امتیاز احمد کی بازیابی کی درخواست پر عدالت نے ڈی پی اوکے پیش نہ ہونے پرآئی جی پنجاب کو طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے کیس پرسماعت کی، درخواست گزار کے وکیل خادم حسین قیصرنے دلائل دئیے ۔ وکیل نے موقف اختیار کیاکہ امتیاز احمد کوجوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں لے جاتے ہوئے اغوا کرلیاگیا پولیس کو درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہوسکی لہذا امتیاز احمد کی زندگی کوشدید خطرات لاحق ہیں عدالت بازیاب کرانے کے احکامات صادرکرے ۔لاہور ہائیکورٹ نے اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنا پر نمٹا دی۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اظہر مشوانی کو وٹس ایپ کال آئی ہے کہ "مغوی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے پاس ہیں" لہذا ہم درخواست واپس لیتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کو جون میں اغوا کیا گیا۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر سمیر کھوسہ نے آگاہ کیا کہ اظہر مشوانی کو واٹس ایپ کال آئی ہے کہ ان کے 2 مغوی بھائی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے پاس ہیں۔ چونکہ مغوی وفاقی ایجنسیوں کی حراست میں ہیں، لہذا ہم درخواست واپس لیتے ہیں۔ عدالت نے اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنا پر نمٹا دی۔