عوام کو بہت غصہ ، پاکستانی سیاستدان بھی تیاری کرلیں:مشاہد
اسلام آباد (آئی این پی)سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا خاتمہ بھارت کیلئے بڑا دھچکا ہے ، شیخ مجیب الرحمان کے مجسمے کو گرانا عوامی لیگ سے نفرت کا اظہار ہے۔
ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ بنگلہ دیش میں دھاندلی زدہ الیکشن ہوئے ، ایک سیاسی پارٹی نے الیکشن میں حصہ بھی نہیں لیا، ان دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجے میں شیخ حسینہ واحد کی حکومت بنی، جس کی کوئی ساکھ نہیں تھی، شیخ حسینہ واحد کی حکومت کا خاتمہ بھارت کیلئے بہت بڑا ڈھچکا ہے ، شیخ مجیب الرحمان کے مجسمے کو گرانا عوامی لیگ سے نفرت کا اظہار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں یہ ایک تاریخی تبدیلی آئی، جنوبی ایشیا میں دو بڑے واقعات ہوئے ، پہلے سری لنکا میں صدارتی محل پر حملہ ہوا اور اب بنگلہ دیش میں وزیراعظم ہاؤس کے اندرلوگ داخل ہو گئے ۔ انہوں نے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے سیاستدان بھی تیاری کرلیں، پاکستان کے عوام میں بھی بہت غصہ ہے ، پاکستان کے سیاستدانوں اور حکومتوں کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے واقعات سے سبق سیکھنا چاہیے ، حکمران عوامی مسائل حل کریں، سب کو ساتھ لے کر چلیں۔