بانی پی ٹی آئی جیل میں پراعتماد ،موقف پرقائم :مجیب الرحمن شامی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی نے کہا ہے کہ عمران خان بارے جو کچھ کہا گیا ہے اس سے پہلے ذوالفقار بھٹو،نوازشریف کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہ دودن جیل میں نہیں گزارسکیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے انہوں نے کہا جب نوازشریف کے خلاف اقدام ہوئے کئی لوگ کہتے تھے کہ نوازشریف ایک ایکسائز انسپکٹر کی مار ہیں وہ جائے گا تو اسکے سامنے سرنگوں ہو جائیں گے ،پھر سب نے دیکھا نوازشریف اور اسی طرح بھٹو نے بہادری سے جیل کاٹی، اب بانی پی ٹی آئی عمران خان بارے طرح طرح کی باتیں کی گئیں مگرانہوں نے جیل میں رہ کر سب مخالفین کے دانت کٹھے کردئیے ،وہ پورے وقاراوراعتماد کے ساتھ جیل میں ہیں اور موقف پر قائم ہیں،لوگوں کو جیل میں ڈالنا، مقدمے قائم کرنا،مختلف مشکلات میں مبتلا کرنا،یہ سب فضول ہے اس کو ختم کردینا چاہئے ۔سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا 2015اور2016 سے میں دن رات عمران خان کے ساتھ رہا ہوں ، وہ اللہ پر یقین،توکل رکھنے والے انسا ن ہیں،میرا یہی خیال تھا اگر بانی پی ٹی آئی کوجیل میں جانا پڑا تو ان کیلئے مشکل نہیں ہوگی۔اب بانی پی ٹی آئی بڑے لیڈر بن چکے ہیں،نوازشریف،شہبازشریف اورآصف زرداری انکا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔