جماعت اسلامی سے معاہدہ ،عملدرآمد کا امکان نہیں ، تھنک ٹینک
لاہور ( دنیا نیوز )معروف تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے دھرنا دے کر ایشوز کو ہائی لائٹ کیا، اس وجہ سے جماعت اسلامی کو عوام میں کچھ عزت مل گئی۔
جہاں تک معاہدوں کا تعلق ہے معاہدے تو حکومتیں کرتی رہتی ہیں،ان پر عمل در آمد کا کوئی امکان نہیں،دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے حسن عسکری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی تھوڑی بہت تبدیلی ہو گی تواس کی حکومت خود بھی کوشش کررہی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے پاکستانی کمپنیوں سے بات ہوجائے ، وہ کچھ رعایت کردیں۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا،دھرنا کی نتیجہ خیزی ،یہ دو پوائنٹ ہیں،جماعت اسلامی نے جو دھرنا دیا وہ 24 کروڑ عوام کی ترجمانی تھی،کوئی بندہ نہیں مرا، نہ ہی ٹریفک جام ہوئی،جماعت اسلامی کا جو حکومت کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے ، ڈیڑھ ماہ کیلئے ہے ،اس وجہ سے جماعت اسلامی نے دھرنا موخر کیا ہے ، تاکہ حکومت پر سیاسی دباؤ برقرار رہے ،حکومت بھی آئی پی پیز سے تنگ ہے ،لہذا حکومت کو کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا۔ معروف تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے حکومت پر جو اعتماد کیا ہے اب ا س کو دیکھنا پڑے گا، حکومت اس پر عمل کرتی ہے یانہیں، جماعت اسلامی نے دھرنا دے کر اچھا کیا ہے ،مسائل کو اجاگر کیا ہے ، معروف تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے سے بجلی کی قیمت مزید بڑھ گئی،حکومت تو پہلے بھی آئی پی پیز سے جان چھڑانے کی کوشش کررہی تھی کہ 20 آئی پی پیز کو بند کرنے کا سوچا جارہا تھا،لیکن ایک جانب جماعت اسلامی نے عزت کمائی ہے ۔