گورنر سندھ کی تبدیلی کی خبریں من گھڑت:اسحاق ڈار
اسلام آباد ،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا گورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق خبریں من گھڑت اور غلط ہیں۔
جبکہ چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا گورنر سندھ تبدیل نہیں ہورہے ،وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ تھا انہوں نے ایسا کچھ نہیں کہا، حکومت گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتی تو ہمیں اعتماد میں لیتی ، وزیراعظم ہر فیصلے پر اعتماد میں لیتے ہیں کیونکہ ہم کابینہ کا حصہ ہیں ، گورنر تبدیل کرنے کا فیصلہ ہوا تو پھر ایم کیو ایم قیادت لائحہ عمل طے کرے گی ۔ اس سے قبل ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ وفاقی حکومت میں اتحادی پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں گورنر سندھ کی تبدیلی پر اتفاق ہو گیا،ن لیگ کی جانب سے تجویزکردہ نام بشیر میمن پر پیپلزپارٹی کو راضی کر لیا گیا ہے ۔ بشیرمیمن سابق ڈی جی ایف آئی اے اورن لیگ سندھ کے صدر ہیں۔ن لیگ گورنر سندھ کی تبدیلی کیلئے عرصے سے کوشاں تھی تاہم پیپلزپارٹی نئے گورنر سندھ کے نام پر متفق نہیں تھی۔ن لیگ کی جانب سے تجویز کردہ بشیر میمن کے نام پر پیپلزپارٹی کو اعتراض تھا جس کی وجہ سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو تبدیل کرنے میں تاخیر ہو رہی تھی۔تاہم اب اتحادی جماعتوں میں بشیرمیمن کے نام پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور جلد ہی گورنر سندھ کی تبدیلی عمل میں لائی جائے گی۔