سینیٹ:وزرا ، ارکان غیر حاضر، کورم ٹوٹ گیا، اجلاس ملتوی

سینیٹ:وزرا ، ارکان غیر حاضر، کورم ٹوٹ گیا، اجلاس ملتوی

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )سینیٹ اجلاس سے وزرا اور ممبران کی غیر حاضر ی کے باعث کورم ٹو ٹ گیا جس پر اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔

تین دن میں سے صرف ایک دن ہی اجلاس کی کارروائی معمول کے مطابق چلی،جمعہ کو بمشکل بیس منٹ اجلاس کی کارروائی چلنے کے بعد کورم کی نشاندہی کی گئی جبکہ ایوان میں وفاقی وزرا میں سے صرف وزیر قانون اور وزیر مملکت برائے خزانہ ہی موجود تھے ،اجلاس میں حکومتی اوراپوزیشن کے ممبران کی تعداد بہت کم تھی ۔ اپوزیشن ممبران نے اعتراض اٹھایاکہ سینیٹ میں وزرا آتے ہیں اور نہ اجلاس کو سنجیدہ لیا جاتا ہے بس ہر سوال کا جواب وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ دیتے ہیں جس پر ڈپٹی چئیرمین سیدال خان نے کہا کہ پھر آپ کو انھیں سہرانا چاہیے کہ یہ باقاعدگی سے ایوان کو وقت تو دیتے ہیں اسی دوران اپوزیشن کی سینیٹر ڈاکٹر زرقا نے کورم کی نشاندہی کردی ۔کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا ۔ قبل ازیں وقفہ سوالات کے کے دوران وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بیرون ملک سفارت خانوں میں پاکستان کے کمرشل اتاشی/ٹریڈ قونصلرز تعینات ہیں، یہ تقرریاں شفاف طریقے سے ہو رہی ہیں۔ مختلف ملکوں میں دس مزید اسامیاں قائم کی گئی ہیں، یہ کمرشل اتاشی گریڈ 18سے 21 تک ہوتے ہیں، سینیٹ اجلاس کے دوران ممبران نے ارشد ندیم کو اولمپکس گیم میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی اورارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ بلاشبہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ، ارشد ندیم ہمارا قومی ہیرو ہے ، ارشد ندیم کو واپس آنے پر انعام بھی دیں گے اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی رکھیں گے ۔سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ ایوان کی جانب سے ارشد ندیم کے حق میں قرارداد بھی پاس ہونی چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں