10لاکھ طلبا کو ٹیبلٹس، سمارٹ فون دینگے:شہباز شریف
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے نوجوانوں کو وسائل مہیا کرنے سے ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، 10 لاکھ طلبا کو میرٹ پر مفت ٹیبلٹس اور سمارٹ فونز دیں گے، ہواوے کے تعاون سے 3 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دی جائے گی، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو سکالرشپ پر چین بھیجا جائے گا، پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقی و خوشحالی کے منصوبے کا جلد اعلان کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس کے سیکرٹریٹ، ڈیجیٹل لرننگ پورٹل، گرین یوتھ موومنٹ، اے آئی فار یوتھ اور قومی رضاکار کور کے اجرا کا بھی افتتاح کیا۔ شہباز شریف نے کہا نوجوان ہی ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں، ان نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے ، مصنوعی ذہانت دنیا میں سب سے جدید تعلیم کا ہتھیار ہے ، چین دنیا کا دوسرا بڑا ترقی یافتہ ملک ہے ، انہوں نے جدید علوم کے ذریعے ملک میں انقلاب برپا کیا، اگر ہم اسی راستے پر نوجوان نسل کو وسائل فراہم کریں تو ملک میں نوجوان نسل خوشحالی کا ایسا انقلاب لائے گی جس سے یوم آزادی کے تقاضے پورے ہوں گے ، نوجوانوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں، 77 سال میں قرضوں کے پہاڑ بن گئے ، امیر اور غریب کی زندگیوں میں بڑا فرق ہے ۔ انہوں نے کہاایس ایم ایز کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ، آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے ، ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھنا ہے اور ملک کی تقدید بدلنا ہے ، ہماری محنت کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے ، ارشد ندیم نے پاکستان کا نام بلند کیا، 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ ملا، مایوسی کو پس پشت ڈال کر روشنیوں کی طرف جانا ہے ۔ تقریب کے دوران وزیراعظم آن لائن رجسٹریشن کرا کر قومی رضاکار کور کے رکن بن گئے ، وزیراعظم کو قومی رضاکار کور کا بیج بھی لگایا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے قومی رضاکار کور کیلئے لوگو ڈایزئن کرنے والی اقصیٰ کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں یوتھ ایوارڈز بھی تقسیم کئے ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ملکی ترقی کیلئے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، نوجوانوں کو ارشد ندیم کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہئے ، ارشد ندیم نے اپنی غربت کو پاؤں کی زنجیر نہیں بننے دیا۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا نوجوان ملکی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان اور نوجوانوں کا راستہ روکنے کی کوششیں ہوتی رہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔