لاہورایئرپورٹ کے میگامنصوبے کا ڈیزائن غلط ،کام رو کدیاگیا
لاہور (نیوز رپورٹر) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہورکے میگا منصوبے میں غلط ڈیزائن تیار کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
روزنامہ دنیا کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق سول ایوی ایشن افسروں کی نا اہلی سے ٹرمینل بلڈنگ ایکسٹینشن منصوبے پر اچانک کام روک دیا گیا، کنٹریکٹ نجی کمپنی کو دینے کے بعد ٹرمینل بلڈنگ کے ڈیزائن کا مسئلہ سامنے آیا۔ ذرائع نے بتا یا ہے کہ 26 ارب کے میگا منصوبے کاکام سی اے اے ڈائریکٹر پلاننگ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کی نااہلی پر روکا گیا ، سی اے اے حکام نے اسکی تصدیق بھی کر دی ۔ منصوبے کا غلط ڈیزائن دیکھ کر وفاقی سیکرٹری متعلقہ ایوی ایشن سول ایوی ایشن افسروں پر برہم ہوگئے جبکہ ٹرمینل بلڈنگ ایکسٹینشن کا نیا ڈیزائن بنانے کی ہدایت کردی گئی۔ذرائع سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تعمیر کا کام شروع ہونے سے قبل ہی ٹھیکیدار کو فنڈز جاری کردئیے گئے تھے ۔ افسر غلط ڈیزائن اور منصوبے میں تاخیر کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنے لگے ۔ رابطے پر ڈائریکٹر پلاننگ سی اے اے غلام عباس شیخ نے موقف دینے سے گریز کیاجبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر توقیر کاکہناتھاکہ ٹرمینل بلڈنگ ایکسٹینشن پراجیکٹ میں کوئی نا اہلی نہیں ہوئی، کنٹریکٹر کو کام سے پہلے تمام فنڈز جاری نہیں کئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھیکہ دینے کیلئے دستخط ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عباس شیخ نے کیے ٹھیکہ ccecc نامی نجی کمپنی کو رواں سال جنوری میں دیا گیا ۔