ٹیکسوں کیخلاف تاجر وں کا احتجاج ،میڈیسن مارکیٹ کی تالابندی
لاہور(سیاسی نمائندہ)حکومت کی تاجر دوست سکیم،مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف انجمن تاجران لاہور(رجسٹرڈ) نے گزشتہ روز احتجاج کیا اور لوہاری گیٹ میڈیسن مارکیٹ میں دکانوں کی تالا بندی کردی گئی اوروزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا الٹی میٹم دے دیا۔
تاجران نے احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے اورحکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔تاجر رہنما مجاہد مقصود بٹ کاکہناتھاکہ یہ حکومت کیخلاف ٹوکن احتجاج ہے اگر ہمیں ریلیف نہ ملا تو غیر معینہ مدت کیلئے مارکیٹوں کی تالا بند ی کریں گے ،مطالبات نہ مانے گئے تو کسی سرکاری دفتر کا گھیراؤ بھی کرسکتے ہیں ۔ صدر انجمن تاجران لاہور کا کہنا تھا کہ اتنا کماتے نہیں جتنا حکومت ٹیکس لگا رہی ہے ۔ بجلی کے بل ہی مان نہیں تو ٹیکس کہاں سے دیں، تاجروں کو اتنا تنگ نہ کیا جائے کہ کاروبار ہی بند کر دیں، اگر حکومت چاہتی ہے ہم کام نہ کریں تو ہم سے ویسے دکانوں کی چابیاں لے لے ،تاجر دوست سکیم نہیں تاجر مار سکیم متعارف کروائی جا رہی ہے ،ٹیکس کی وجہ سے اگر ہماری ایک دکان کو بھی سیل کیا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے ۔