صدر کا یوم آزادی پر قیدیوں کی سزا میں90دن کمی کا اعلان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،اے پی پی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم آزادی کے موقع پر قیدیوں کی سزائوں میں 90 روز کی چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔
پیر کو ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے سزائوں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی ہے ۔ سزا ئوں میں کمی کا اطلاق قتل ، جاسوسی، ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا ۔ سزا ئوں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری ، ڈکیتی ، اغوا ، دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔ سزا میں کمی کا اطلاق مالی جرائم ، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔ سزا میں کمی کا اطلاق غیر ملکی افراد ایکٹ، 1946 اور منشیات کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2022 کے تحت سزا یافتہ افراد پر نہیں ہوگا۔ ایک تہائی قید کاٹ چکنے والے 65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدیوں پر سزا میں کمی کا اطلاق ہو گا۔ ایک تہائی قید کاٹ چکنے والی 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہو گا۔ بچوں کے ساتھ جیل میں موجود خواتین قیدیوں پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہو گا۔ایک تہائی سزا کاٹ چکنے والے 18 سال سے کم عمر افراد پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔