غیرقانونی بھرتیوں کا ریفرنس عباسی سمیت تمام ملزم بری

 غیرقانونی بھرتیوں کا ریفرنس  عباسی سمیت تمام ملزم بری

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او)میں غیرقانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ملزم بری ہوگئے۔

نیب کورٹ کراچی میں ایم ڈی پی ایس او کی غیرقانونی تقرری پر ریفرنس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے نیب حکام کی پی ایس او میں غیرقا نو نی بھرتیوں کا ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کر لی، احتساب عدالت نے ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم بھی دے دیا۔شاہد خاقان کے علاوہ بری ہونے والوں میں سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق، سابق سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا اور سابق ایم ڈی پی ایس او یعقوب ستار بھی شامل ہیں۔سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ انتخابات مشکوک اور حکومت غیر نمائندہ ہے ، صاحبان اختیار و اقتدار مل بیٹھ کر راستہ نکالیں، نیب کو ختم کریں ورنہ ملک نہیں چلے گا، عدلیہ کے نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے ۔ آرمی چیف، چیف جسٹس اور وہ چند لوگ بیٹھ کر فیصلہ کریں جو پہلے حکومتیں چلا چکے ہیں۔ عام حالات میں نیا الیکشن مسئلے کا ایک حل ہوتا ہے مگر آج نئے الیکشن سے بھی حل نہیں نکل سکتا۔ پی ایس او بھرتی ریفرنس نیب نے 4سال 2ماہ بعد واپس لے لیا ،اس دوران صرف ایک گواہ پیش کیاگیا، سیاسی لوگوں پر مقدمات بنائے جاتے ہیں میں بھی یہ مقدمہ بھگتتا رہا، اس سے پہلے بھی میرا ایک کیس 9 سال نیب عدالت میں چلتا رہا ۔ جو سیاسی جماعت آئین پر چلے گی ہم اس کے ساتھ ہیں، ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں