ملی بھگت سے سالانہ500ارب کی بجلی چوری،بلوں میں ہیرا پھیری:شہباز شریف
اسلا م آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈسکوز کی کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈسکوز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، ملک کے بجلی کے نظام کو بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔
اندازے کے مطابق سالانہ 500 ارب روپے کی بجلی ملی بھگت سے چوری ہوتی ہے اور بجلی کے بلوں میں ہیرا پھیری کی جاتی ہے ، ہم نے اس نظام کو تبدیل کرنا ہے جس نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ، سب مل کر کام کرینگے تو مشکلات ختم ہونگی، آج یوم آزادی کا دن پوری قوم جوش و خروش سے منائے گی اورآج ہم سب اس بات کا عہد کریں گے کہ ملک کی تعمیر کر کے اسے عظیم تر بنائیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکوز)کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمینوں اور بورڈ ارکان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی کابینہ نے نجکاری کمیشن بورڈ کے ارکان کی تعداد کو 8 سے بڑھا کر 11 کرنے ،اضافہ شدہ نشستوں پر صرف خواتین تعینات کرنے ، فیڈرل ڈا ئریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد اور پاکستان اور ایکواڈور کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے معاہدے پر دستخط کرنے کی منظوری دی ہے ۔ کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا قومی استحکام اورملک کے لئے ہر چیز کی قربانی دیں گے ، انشا اللہ یہ ملک ضرور قائد اعظم کا پاکستان بنے گا،وفاقی کابینہ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا بجلی کے شعبے میں کافی محنت اور کوشش ہوئی ہے اس سے قوم کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر ہماری ترجیحات کا اہم حصہ ہے ، ایف بی آر کے احیائے نو اور محصولات میں بہتری کے بغیر مالی گنجائش ملے گی نہ ہی قوم آگے ترقی کر سکتی ہے ۔وزیراعظم نے کابینہ کے اراکین کومعمول کی تاخیر کو ختم کرنے اور فائل ورک کو فعال بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہاکہ بہتر کارکردگی کا فائدہ پوری قوم کو ہوتاہے ۔ میری دردمندانہ گزارش ہے سب مل کر کام کریں گے تو مشکلات ختم ہوں گی۔ وفاقی کابینہ نے یوریا کھاد بنانے والے کار خانوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے اور متعلقہ اداروں کو یوریا کھاد کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کیلئے ہر قسم کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم کے ویژن کے تحت بورڈ کے تین نئے ارکان کی نشستوں پر صرف خواتین کو تعینات کیا جائے گا۔کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 2 اگست 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔ تاہم وزیر اعظم نے ہدایت کی جن ایس او ایز کی نجکاری کیلئے منظوری ہو چکی انکی کی نجکاری کا جامع پلان آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے ۔ کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر پاکستان اور جمہوریہ گوئٹے مالا کی وزارت خارجہ کے مابین سیاسی مشاورت کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔ ڈسکوز کے چیئرمینوں اور بورڈ ممبران سے ملاقات کے دوران شہبا زشریف نے کہا بجلی چوری کی روک تھام ، لائین لاسز میں کمی، اور ٹرانسمشن نظام میں بہتری حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کی ترجیحات ہیں،بجلی کے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ، اگرہم اصلاحات کرنے میں کامیاب ہوگئے تو معیشت تیزی سے آگے بڑھے گی، بدانتظامی، کرپشن اور دیگر وجوہات کی وجہ سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی اچھی نہیں ہے ۔بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں اصلاحات کے بعد ان کی آؤٹ سورسنگ اور نجکاری کی جائیگی۔
انہوں نے ہدایت کی بجلی تقسیم کار کمپنیاں اپنی کسٹمر سروسز بہتر بنائیں۔ اچھی کارکردگی والے افسروں کی پذیرائی اور خراب کارکردگی والے افسروں کی سرزنش ہو گی۔انہوں نے کہا ڈسکوز میں اچھے اچھے افسر بھی ہیں جنہوں نے ڈسکوز کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ان کی بھی کمی نہیں، بجلی بلوں میں ہیرا پھیری روکنے کے لئے نظام میں بنیادی تبدیلیوں پر کام کر رہے ہیں۔ شہبازشریف نے کہا گردشی قرضہ 2300 ارب تک پہنچ گیا ہے ، کیا اتنے بھاری بھر کم گردشی قرضوں کے ساتھ ملک چل سکتا ہے ؟ ۔وزیراعظم نے کہا بند پلانٹس سکریپ ہوچکے ان کو بھی تنخواہیں جارہی ہیں، پاورسیکٹر کو ان چیلنجز کا سامنا ہے ، اگر نیت لوٹ مارکی ہوگی تو پھر تباہی ہی ہوتی ہے ، ہم نے فیصلہ کرنا ہے تباہی سے بچنا اور خوشحالی کی طرف جانا ہے ۔انہوں نے کہا ہم نے بجلی کی قیمت کو کم کرنا ہے ۔ شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر جاری پیغام میں کہاآج کے دن مجھ سمیت پوری قوم اپنے آباؤاجداد اور تحریک پاکستان کے اُن لاتعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے جنوبی ایشیا میں کروڑوں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔انہوں نے کہا یوم آزادی کے اس موقع پر میں اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتی ہیں۔ جب ہم اپنی آزادی کا جشن مناتے ہیں تو غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین کے بہادر اور غیور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی یاد کرتے ہیں جو سات دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کے لیے لڑ رہے ہیں اور بدترین بھارتی ریاستی ظلم کا سامنا کر رہے ہیں۔