انٹرنیٹ سروسز بد ستور متاثر،واٹس ایپ اور دیگر پلیٹ فارمز بھی سست:قائمہ کمیٹی نے اجلاس بلالیا
اسلام آباد (نیوزرپورٹر)پاکستان میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سروسزایک بار پھر تعطل کاشکار ہیں۔ ملک بھر میں انٹرنیٹ میں تعطل کے باعث،سرکاری ونجی دفاتر، بینکس ،کمپنیوں،آن لائن ٹرانزیکشن، سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس متاثرہورہے ہیں۔
انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے باعث فری لانسرز سمیت آن لائن تجارت کومشکلات کاسامنا ہے ۔ فائیور نے پاکستان میں فری لانسرز کا اسٹیٹس عدم دستیاب کردیا۔ انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے فائیور سروس پر موجود لاکھوں پاکستانی فری لانسرز کا کاروبار مشکل ہوگیا ہے ۔ پی ٹی اے حکام نے اس حوالے سے جواب نہیں دیا۔ قومی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سروس میں تعطل پربریفنگ کے لئے 21اگست کوکمیٹی کااجلاس طلب کیاہے ۔ قائمہ کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل(ر)حفیظ الرحمن اور حکام کو طلب کیاہے ۔قائمہ کمیٹی نے پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سروس اورانٹرنیٹ میں تعطل پربریفنگ اور واٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام اور ایکس کی بندش کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔