یہ لوگ فارم47پرآئے عوام نے انہیں مسترد کر دیا تھا:تحریک انصاف

یہ لوگ فارم47پرآئے عوام نے انہیں مسترد کر دیا تھا:تحریک انصاف

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاہے کہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے ، آپ فارم 47 کی بنیاد پر آئے ورنہ عوام نے آپکا خاتمہ کردیا تھا۔

بانی پی ٹی آئی کواڈیالہ جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا ہوا ہے ، ہم اس حوالے سے پٹیشن دائر کر رہے ہیں۔پارلیمنٹ کے باہر قیصر اور بیرسٹر گوہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ احسن اقبال نے اہم معاملات پر جواب دینے کی بجائے بانی پی ٹی آئی پرحملہ کیا۔انہوں نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف جب جیل میں تھے ان کے بوفے لگتے تھے اور 45 لوگ ملاقات کرتے تھے ، خفیہ اداروں نے میاں نواز شریف کے ٹیسٹ رزلٹ تبدیل کیے ،حنیف عباسی ایفیڈرین کا کیس نہ بھولیں، حنیف عباسی کے پاس اس وقت 7ہزار ووٹ نہیں ، احسن اقبال اور حنیف عباسی کو یاد ہونا چاہیے قمر باجوہ نے آپ کو فیسلیٹیٹ کیا۔اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے کہا کہ کیسز جب بھی آزاد عدلیہ کے سامنے آئیں گے ، بانی پی ٹی آئی کے تمام کیس ختم ہوں گے۔

وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا بتاؤں گا کہ لوگوں کو گھروں سے کیوں اٹھایا جارہا ہے ؟ آج تک وزیراعظم کا اس مسئلے پر کوئی جواب نہیں آیا۔یہ کہنا پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے کافی نہیں، بانی پی ٹی آئی نے کبھی اپنے سیل کے بارے میں نہیں بتایا، سپریم کورٹ نے رپورٹ طلب کی تو ان کی ابتر صورتحال کا معلوم ہوا۔بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی بات آئے گی تو ہم اکٹھے ہوں گے ، سی پیک کے معاملے میں ہم اکٹھے ہیں، جب کوئی باہر سے آتا ہے تب بھی ہم اکٹھے ہوتے ہیں، قومی اسمبلی میں اس وقت انجان لوگ بیٹھے ہیں،انہوں نے کہاکہ احسن اقبال ، حنیف عباسی سب ہارے ہوئے ہیں ان کے گھر والے بھی انہیں نہیں مانتے ، یہ صرف اپنے کیسز ختم کروانے آئے ہیں۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سربراہی کو اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں جو بھی فیصلے ہوئے وہ پارلیمان میں لائے جائیں یہ ہمارا پہلا مطالبہ ہے بلوچستان میں جو واقع ہوا اس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،پارلیمان کو نہیں مانتے آپ ہیں کون؟ آپ ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں، آپ ملک میں خون خرابہ چاہتے ہیں؟ سب کچھ پارلیمنٹ میں لایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں