سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،خیبر پختونخوا12،بلوچستان میں 5دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،خیبر پختونخوا12،بلوچستان میں 5دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی ،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار)سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 17دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس  پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں 28اور 29اگست کی درمیانی شب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 12 خوارجیوں کو ہلاک کردیا گیا ، آپریشن سے فتنہ الخوارج اوراس سے وابستہ تنظیموں کوبڑا دھچکالگا،آئی ایس پی آر کے مطابق وادی تیراہ میں 20 اگست سے جاری کارروائیوں میں اب تک 37 دہشت گرد ہلاک اور14 زخمی ہوچکے ہیں۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن امن کی بحالی اورخوارج کے خاتمے کیلئے جاری رہیں گے ، فورسزملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ، پنجگور اور ژوب میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا،گزشتہ رات کارروائیوں میں شدید فائرنگ سے 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ، دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیاب کارروائیاں 26 اگست کو بلوچستان میں دہشت گردی واقعات کے پس منظر میں کی گئیں،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان ظالمانہ کارروائیوں میں ملوث تمام مجرموں، سہولت کاروں اور معاونین کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔

پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے افواجِ پاکستان کے جوانوں و افسران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ،ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو نشانِ عبرت بنائیں گے ۔ادھر وادی تیراہ میں دراندازی کی کوشش میں گرفتار افغان شہری سے تفتیش میں پاکستان پر حملوں کیلئے افغانستان میں تربیت دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے کئی بار افغان عبوری حکومت کو شواہد سے آگاہ کیا گیا لیکن افغان عبوری حکومت خوارج کے خلاف ٹھوس اقدام کرنے میں ناکام ہو چکی، وادی تیرہ میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش کرنے والا افغان شہری عبداللہ ولد نثار گرفتارہوا،جس نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا اس کا تعلق ضلع ننگرہار ولایت کے ضلع لالپورہ سے ہے ، دہشتگردی کی ٹریننگ اپنے آبائی شہر ننگرہار میں حاصل کی، تربیت کے بعد پاکستان کے مختلف حصوں میں حملہ کرنے کی ہدایت کی گئی،پاکستان پر حملے کرنے والے 34 افراد میں آئی ای ڈی کے ماہر بھی شامل تھے ، پاکستان پر حملے کیلئے ان کے پاس وافر مقدار میں دھماکا خیز مواد موجود تھا،ستارہ بانڈہ پر حملے میں 10 لوگ زخمی، 15 ہلاک اور باقی کمانڈر بھاگ گئے ، ساتھیوں کی ہلاکت کے بعد پاکستانی فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے پڑے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں