اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی : تفصیلی رپورٹ طلب

 اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی : تفصیلی رپورٹ طلب

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے سوشل ایکٹیویٹ اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کیلئے دائر درخواست میں اٹارنی جنرل آف پاکستان سے تفصیلی پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

اٹارنی جنرل نے کہاکہ معاملہ اعلیٰ حکام کے سامنے رکھا گیا ،دونوں لاپتہ مغوی کسی ایجنسی کے پاس نہیں ہیں،بابر اعوان مجھے معلومات شیئر کردیں ہم مزید دیکھیں گے ،چیف جسٹس نے کہاکہ یہ کہاں سے لاپتہ ہوئے ، جس پر بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہاکہ لاہور سے لاپتہ ہوئے ،ہم سے رابطہ کیا گیا ایجنسیز کی جانب سے کہا گیا وہ ہمارے پاس ہیں،چیف جسٹس نے کہاکہ میں نے اس لیے پوچھا کہاں سے لاپتہ ہوئے ،کیونکہ میں نے دیکھنا ہے کہ میرا دائرہ اختیار ہے بھی کہ نہیں،اٹارنی جنرل نے واضح بیان دے دیا ہے کہ مغوی ایجنسیز کے پاس نہیں،چیف جسٹس نے کہاکہ پولیس ، ایف آئی اے ، آئی ایس آئی کیا کام کر رہی ہے اس پر وہ رپورٹ دے دیں،اٹارنی جنرل نے کہاکہ ہم رپورٹ دے دینگے تمام ادارے اس کیس پر کام کر رہے ہیں،دوران سماعت بابر اعوان نے کچے کے ڈاکوؤں کا معاملہ عدالت میں اٹھا دیااور کہاکہ کچے کے ڈاکوؤں نے یوٹیوب چینل بنا کر کہا سبسکرائب کریں،چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کوشش جاری رکھیں کوئی پیش رفت ہوتی ہے تو عدالت کو آگاہ کردیں، ایڈووکیٹ نے کہاکہ اگر وزارت داخلہ کے لیے پورے بلوچستان کے مسئلے کا حل ایک ایس ایچ او ہے تو اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی تو ایک حوالدار کی مار ہے ،دوران سماعت اٹارنی جنرل نے رپورٹ کے لیے دس دن کی مہلت مانگ لی ،چیف جسٹس نے کہاکہ آفس اگلے ہفتے میں کسی دن کیس لگا دے گا ،اگلے ہفتے ججز ڈیوٹی روسٹر کے مطابق کیس لگ جائے گا ، عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں