190 ملین پاؤنڈ ریفرنس :تفتیشی و گواہ پر جرح مکمل نہ ہوسکی

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس :تفتیشی و گواہ پر جرح مکمل نہ ہوسکی

راولپنڈی (خبرنگار) اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت میں 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں تفتیشی آفیسر و گواہ پر وکلا صفائی کی جرح مکمل نہ ہوسکی ۔بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر جواب جمع نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ۔

 توشہ خانہ ٹو بلگری ریفرنس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت دو ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی ۔ ریفرنس کے تفتیشی پر جرح جمعہ کو بھی مکمل نہ ہو سکی ۔آئندہ سماعت پر بھی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا تفتیشی پر جرح جاری رکھیں گے ۔اس ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر نیب کا جواب نہ آنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ۔توہین عدالت کی درخواست بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل کی جانب سے دائر کی گئی موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 8 سماعتوں سے نیب جواب دینے سے گریز کر رہی ہے ۔ عدالت نے سماعت چار ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ اسی عدالت میں توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی سماعت نیب کی جانب سے تیاری کیلئے مہلت مانگے جانے کے باعث ملتوی کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں