اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان جلد کیا جائے:عمران

اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان جلد کیا جائے:عمران

راولپنڈی (خبر نگا ر سے )بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے کہ جلسہ لیاقت باغ میں ہی ہو گا ۔ اجازت نہ ملی تو احتجاج ہو گا۔ وکلا تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ ملک بھر میں احتجاج کا لائحہ عمل ترتیب دیدیا ہے ،پی ٹی آ ئی کے ڈر سے سپریم کورٹ اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے ۔

 اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان جلد کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا سپریم کورٹ میں کل سے جو ہو رہا ہے سب کو پتہ چل گیا ہے یہ کیا کر رہے ہیں یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کے لئے کیا جا رہا ہے ،سارا ملک داؤ پر لگا ہوا ہے یہاں سارے فیصلے لکھے ہوئے آتے ہیں یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز بھی تابع ہو جائیں ، الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لئے ان کو اپنے ججز چاہئیں ۔چیف جسٹس کا یہ کام ہوتا ہے کہ وہ بنیادی حقوق کا تحفظ کرے ،چیف الیکشن کمشنر کو پتہ ہے اس پر آرٹیکل 6 لگے گا اسی لئے الیکشن فراڈ کو دبایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس بھی الیکشن فراڈ کا معاملہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس بھجوا دیتے ہیں ، سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن کی تعریف وہی کر تے ہیں ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں نے جو کہا تھا اس پر چیف جسٹس نے کیا کیا؟ راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے ،جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں ، آئینی عدالت کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرنا ہے ، موجودہ چیف جسٹس آئینی ترامیم کے بینفشری ہیں ۔علی امین گنڈا پور کی لاہور جلسہ کے حوالے سے سرزنش کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ۔ انہوں نے اچھا کام کیا ۔ تحریک انصاف کو مینار پاکستان کے سوا کسی جگہ پر جلسہ کے لئے ماننا ہی نہیں چاہئے تھا ۔ لاہور مینار پاکستان پر پھر جلسہ کرینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں