وزیر اعلیٰ بتائیں پنجاب یونیورسٹی وی سی کیلئے کس کا نام دیا :گورنر

وزیر اعلیٰ بتائیں پنجاب یونیورسٹی وی سی کیلئے کس کا نام دیا :گورنر

لاہور(سپیشل رپورٹر ، نامہ نگار خصوصی دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی کے معاملے پر میرا کوئی جھگڑا یا لڑائی نہیں ،وزیر اعلیٰ بتائیں پنجاب یونیورسٹی وی سی کیلئے کسی کا نام دیا۔

 میری خواہش ہے کہ عہدوں پر اچھے لوگ تعینات ہوں،کسی کی جرات نہیں مجھے 2 کروڑکیا 2 روپے بھی بھیجے ۔پیپلز پارٹی لاہور کے زونل صدر صداقت شیروانی کے داماد میاں عرفان وقار کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کا نام بتا دیں جو میں نے دیا ہو، وائس چانسلرز کے ناموں پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے ، وائس چانسلر وہ بنیں جو بچوں کو ایک قوم بنا سکیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کسی کی جرات نہیں ہے کہ وہ مجھے دو کروڑ کیا دو روپے بھی بھیجے ، کسی کے پاس ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے ، حکومتی کشتی ڈوبے یا تیرتی رہے دونوں صورتوں میں اُن کے ساتھ ہیں۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی جو سمری مسترد کی اس میں لکھا ہے کہ پراسیس پر انگلیاں اٹھی ہیں، میری کسی کو وائس چانسلر لگانے کی کوئی خواہش نہیں ہے ۔ کیا پورے پنجاب میں یہی لوگ ہیں جو سرچ کمیٹی نے دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سیاسی طور پر مستحکم ہوگا تو ملکی معیشت میں بھی استحکام آئے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اتحاد اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ہمارے بیٹے ، بیٹیاں پڑھتے ہیں۔ جنہوں نے یہاں سے تعلیم حاصل کر کے ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہے ۔ اس لیے بطور چانسلر وہ چاہتے ہیں کہ میرٹ پر وائس چانسلرز تعینات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گورننس کے معاملات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے پارٹی ورکرز سمیت سب کے لئے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو عزت و احترام دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ اپنا آئینی کردار احسن طریقے سے نبھائوں اور صوبے کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالوں۔دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ حلفاً کہہ سکتا ہوں کہ کسی وائس چانسلر کے نام کی سفارش نہیں کی محترمہ وزیر اعلیٰ بتائیں کہ میں نے پنجاب یونیورسٹی کیلئے کسی کا نام دیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کے جکاؤ میں سفارش کے یکسر خلاف ہوں ۔ وائس چانسلرز کی تقرریاں میرٹ پر ہونی چاہئیں کہ اس لئے کہ ان پر ہمارے مستقل کا انحصار ہے ۔اگر وائس چانسلر ہی میرٹ پر تعینات نہ ہوا تو پھر یہ کیا میرٹ قائم کریں گے لہٰذا کم ازکم وائس چانسلرز تو میرٹ پر لگنے چاہئیں۔گورنر پنجاب پیپلزپارٹی کے مختلف کارکنوں کے گھر تعزیت کے لئے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں