وزیراعظم شہباز کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

وزیراعظم شہباز کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

نیویارک،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے فوری جنگ بندی اور دو ریاستی حل کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ، اسرائیل کا بیروت پر حملہ پرامن دنیا کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی اورکہا کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان نے فلسطینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی ہے ۔ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور بربریت کر رہا ہے ، فلسطین کے معاملے کو طوالت دی گئی تو دنیا کا امن تباہ ہوسکتا ہے ،اقوامِ عالم فلسطین کی آزاد ریاست کی تشکیل یقینی بنائیں ، ہم فوری جنگ بندی چاہتے ہیں ۔شہباز شریف سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کی غزہ میں پولیو مہم کو سراہا،انہوں نے فوری جنگ بندی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعات کے حل پر زور دیا۔ شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات کی ،دونوں رہنماؤں نے ملکی معاشی استحکام اور ترقی کے فروغ کیلئے تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

شہبازشریف کی برطانوی ہم منصب سر کیئر سٹارمر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی اور مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق ہوا۔شہبازشریف کا کہناتھاکہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے تدارک کیلئے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین سے ملاقات میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ شہباز شریف ست ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے بھی ملاقات کی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے عالمی بینک کی جانب سے حکومت پاکستان کے ساتھ اقتصادی اصلاحات ،غربت میں کمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت پاکستان کے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تعاون کو سراہا۔وزیراعظم نے آب نظام، توانائی اور انسانی ترقی سمیت پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جدید مالیاتی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں