صوابی :دھماکا،تھانے کی عمارت منہدم ،1جاں بحق ، 34زخمی

 صوابی :دھماکا،تھانے کی عمارت منہدم ،1جاں بحق ، 34زخمی

پشاور (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں تھانے میں دھماکے سے عمارت منہدم ہوگئی، ایک شخص جاں بحق،34 افراد زخمی ہوگئے جبکہ سوات اور گردو نواح میں دہشتگردی کے خطرے کاالرٹ جاری کر دیا گیا۔

کمشنر مردان ڈویژن جاوید مروت کے مطابق دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 34 افراد زخمی ہوگئے ۔ڈی پی او صوابی ہارون الرشید کاکہناہے کہ دھماکا پولیس سٹیشن کے اندر ہوا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں پہلی منزل پر ہوا، ایک شخص جاں بحق، ڈیوٹی اہلکاروں سمیت 34ا فراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ عمارت کا کچھ حصہ مہندم ہونے پر کچھ افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے ۔ دھماکے پرباچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کا علاج شروع کردیاگیا ۔ سینٹرل پولیس آفس کو ابتدائی رپورٹ کے مطابق مال خانے میں دھماکاشارٹ سرکٹ سے ہوا، دھماکے سے لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آئی جی اور چیف سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرکے رپورٹ دی جائے ، زخمیوں کو بروقت طبی امداد یقینی بنائی جائے ۔ سوات اور گردو نواح میں دہشتگردی کے خطرے پرڈپٹی کمشنر کے جاری الرٹ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام عوامی و سیاسی اجتماعات ملتوی کئے جائیں۔ دوسری جانب سوات قومی جرگہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کل سوات میں قومی جرگہ کا جلسہ اور امن مارچ ہر حال میں ہوگا، دہشتگردوں کیلئے سوات میں کوئی جگہ نہیں، سکیورٹی فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جو سکیورٹی دینے کی بجائے مسئلہ بنا رہی ہے ، ہمیں نوٹیفکیشن پر افسوس ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں