کلر کہار جنگل میں اشتہاروں سے پولیس مقابلہ، اہلکار شہید 2ڈاکو ہلاک،3گرفتار

کلر کہار جنگل میں اشتہاروں  سے پولیس مقابلہ، اہلکار شہید 2ڈاکو ہلاک،3گرفتار

راولپنڈی ( خبر نگار) کلر کہار رتہ گاؤں جنگل میں اشتہاریوں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا کانسٹیبل شہید ہوگیا ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو مارے گئے جبکہ 3 ڈاکو ئوں کوگرفتار کر لیاگیا۔

 آر پی او آفس سے جاری تفصیلات کے مطابق چکوال پولیس نے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کلر کہار رتہ گاؤں جنگل میں چھاپہ مارا ، اشتہاریوں اور ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی ، دو طرفہ فائرنگ کے دوران ایلیٹ فورس کا طاہر نامی کانسٹیبل پیٹ اور بازو پر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جو ہسپتال میں دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملا ۔ ترجمان کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو بھی ہلاک ہوگئے جبکہ 3 کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ادھر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کانسٹیبل طاہر شاہ کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کا ایک اور جوان فرض کی راہ میں قربان ہو گیا ۔ پنجاب پولیس طاہر شاہ کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ آئی جی نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت، دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے اہل خانہ کی کفالت پنجاب پولیس کی ذمہ داری ہے ، جس کے لئے بھرپور تعاون کیا جائے گا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں