توشہ خانہ ٹو کیس:عمران اور بشریٰ پر 2اکتوبر کو فرد جرم

توشہ خانہ ٹو کیس:عمران اور بشریٰ پر 2اکتوبر کو فرد جرم

راولپنڈی، اسلام آباد ، لاہور (خبر نگار ،اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر )احتساب عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پرفرد جرم عائد کرنے کیلئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی، ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہو گئے ، ایف آئی اے کے وکلا ہفتہ کے روز دلائل کا آغاز کریں گے ۔بعدازاں عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں فردجرم عائد کرنے کے لیے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کر دی۔ ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں میں نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔نیب نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی اور کہاکہ امجد پرویز مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے ،چیف جسٹس نے کہاکہ ہم نے ٹرائل نہیں روکا، حتمی فیصلے سے روکا ہے ،ٹرائل میں اگر تعاون نہیں کرتے تو پھر متعلقہ عدالت دیکھے گی،ٹرائل جاری رہے گا کا مطلب جاری رہے گا،حتمی فیصلہ نہیں دیا جائے گا، یہ ہم نے سادہ سی انگریزی میں کہا ہے ،ٹرائل کس مرحلے میں ہے کیا ہو رہا ہے ہم اس میں مداخلت نہیں کرینگے ،عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر نیب امجد پرویز کی التوا کی درخواست منظور کرلی،عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کے حکم میں 2 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے احتساب عدالت کو ٹرائل جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس خان کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف جج زیبا چودھری کو دھمکی کیس کے جیل ٹرائل کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت پیشی کے احکامات پر ایس ایس آپریشن کی طرف سے نور جمال انسپکٹر عدالت میں پیش ہوئے اور جواب جمع کروادیا،جس میں کہاگیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیریس لائف تھریٹ ہیں اور سکیورٹی خدشات ہیں اس لیے عدالت میں پیش نہیں کر سکتے ،کیس کی سماعت 25 نومبر تک ملتوی کردی۔لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست پولیس رپورٹ کی روشنی میں نمٹادی۔جسٹس طارق سلیم شیخ نے سابق خاتون اول کی درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت پنجاب پولیس نے رپورٹ عدالت پیش کی ،سرکاری وکیل نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کیخلاف 11مقدمات راولپنڈی،ایک مقدمہ اٹک میں درج ہے ۔بشریٰ بی بی کیخلاف نیب میں ایک مقدمہ توشہ خانہ کادرج ہے عدالت نے سرکاری وکیل کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔انسداد دہشتگری لاہور کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے چار مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں پر کارروائی 30 ستمبر تک ملتوی کردی ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے چار ضمانتوں پر سماعت کی دوران سماعت پراسیکیوشن نے ایک بار پھر دلائل دینے کی مہلت مانگ لی جس پر عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر کو مہلت دیتے ہوئے کارروائی 30 ستمبر تک ملتوی کردی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں