فیول ایڈجسٹمنٹ :بجلی قیمت میں 20پیسے یونٹ کمی کااعلان

فیول ایڈجسٹمنٹ :بجلی قیمت میں 20پیسے یونٹ کمی کااعلان

اسلام آباد (نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے اعلان کیا بجلی صارفین سے اگست کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جولائی کی نسبت مزید 20پیسے فی یونٹ کم چارج کئے جائیں گے ۔

 جاری اعلامیہ کے مطابق ڈسکوز کے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیر صدارت عوامی سماعت ہوئی۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ایف سی اے کی مد میں 57پیسے یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔ کمی کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن ، پری پیڈ اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر ہوگا، کے الیکٹرک صارفین پربھی اطلاق نہیں ہو گا۔ اتھارٹی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔ سی پی پی اے جی نے صارفین سے جولائی کا ایف سی اے 37پیسے یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا تھا۔ سی پی پی اے کے مطابق اگست میں بجلی کی کھپت 20فیصد کم رہی۔ چیئرمین نیپرا نے کہا بجلی کی طلب میں کمی پر نیپرا کو بھی تشویش ہے ۔ ممبر رفیق شیخ نے کہا انڈسٹری بند ہورہی اس وجہ سے طلب کم ہورہی۔ سابق چیئرمین این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض نے بتایا 7مہینوں میں 13ہزار میگاواٹ سولر امپورٹ ہوا۔ سی پی پی اے کے مطابق زیادہ بارشوں کی وجہ سے بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی آئی ۔بجلی کی بھاری قیمتوں کے باعث مسلسل کھپت کم ہورہی۔ ممبر نیپرا مطہر نیاز رانا نے کہا انڈسٹری اور زرعی شعبے کی طلب کم ہوئی۔ ممبر رفیق احمدکا کہنا تھا انڈسٹری کے لوڈ میں کمی ہوئی، اس سے گھریلو صارفین پر مزید بوجھ پڑے گا۔ ممبر مقصود انور نے کہا انڈسٹری کہہ رہی مہنگی بجلی کی وجہ سے یونٹس بند کرنے پڑرہے ۔ سی پی پی اے نے اعتراف کیا بجلی کی طلب جتنی کم ہوگی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس بڑھیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں