حکومت نے معاہد ہ پر عمل نہیں کیا،غلط بیانی کی:حافظ نعیم

حکومت نے معاہد ہ پر عمل نہیں کیا،غلط بیانی کی:حافظ نعیم

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں قائدین کے آن لائن ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ مرکزی ، صوبائی اور بڑے شہروں کی قیادت نے شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا 29ستمبر کو پورے ملک کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دیئے جائینگے ۔ حکومت نے راولپنڈی معاہدہ پر عمل نہیں کیا ، میڈیا پر قوم کے سامنے غلط بیانی کی،45 روز میں چند کاسمیٹک اقدامات کیے جبکہ وعدہ کیا تھا کہ معاہدہ پر مکمل عملدرآمد ہوگا، یہ اقدامات تسلیم نہیں کرتے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ پورے ملک کے عوام کو بجلی کے بلوں پر فوری ریلیف دیا جائے ۔ بجلی کی اصل پیداواری لاگت کے مطابق یکساں ٹیرف نافذ، آئی پی پیز معاہدوں کو ختم کیاجائے ، حکومت بجلی ، گیس بلوں، پٹرول کی قیمتوں پرعوام کوعالمی منڈی کے مطابق فوری ریلیف دے ، جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے ،تنخواہ دار طبقہ اور تاجروں کو ٹیکس میں ریلیف دے ، حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کریں ، سود کی شرح کو بتدریج کم کیا جائے ۔ ان اقدامات سے اربوں کی بچت کو بجلی بلوں میں کمی کیلئے استعمال کیا جائے ،پٹرولیم لیوی کوختم کیا جائے ، حکومت کو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی سے 25ارب ڈالر کا فائدہ امپورٹ بل کی صورت میں ملاجس سے عوام کو ریلیف ملے تو پٹرول کی قیمت 150روپے فی لٹر تک آجائے گی۔ بجلی بلوں کے بائیکاٹ پر 23سے 27 اکتوبر تک عوامی ریفرنڈم کرائیں گے ۔ اکتوبر میں پہیہ جام ہڑتال ،ملک بھر سے لانگ مارچز اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آپشن بھی استعمال کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا 7اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں ہفتہ یکجہتی فلسطین و لبنان منائینگے ،اسلام آباد ،کراچی میں ملین مارچز ہونگے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں