شمالی وزیرستان:سکیورٹی فورسز کا آپریشن،8خارجی دہشتگرد ہلاک

شمالی وزیرستان:سکیورٹی فورسز کا آپریشن،8خارجی دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی ،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد مارے گئے ۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق 25/26 ستمبر کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 8خوارج ہلاک ہوگئے ۔ مارے جانے والے دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز کیخلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بیگناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھے ۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں پائے جانے والے کسی اور دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔صدر آصف زرداری نے رزمک ، شمالی وزیرستان میں آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرکے 8 خوارج کو جہنم واصل کیا۔ دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ، عوام کے جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے رزمک میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ہماری بہادر فورسز کی بروقت کارروائی سے 8 خوارج ہلاک ہوئے ،انشاء اللہ پورے ملک سے خوارج کا عنقریب مکمل خاتمہ ہو گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں