مالم جبہ میں سفارکاروں کے دورے کی اطلاع نہیں دی گئی تھی: دفتر خارجہ

مالم جبہ میں سفارکاروں کے دورے  کی اطلاع نہیں دی گئی تھی: دفتر خارجہ

اسلام آباد (وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ دفتر خارجہ کو مالم جبہ میں سفارت کاروں کے دورے کی اطلاع نہیں دی گئی تھی، غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ۔

 ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان تمام سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کا ضامن ہے ، ہم غیر ملکی سفارت کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان بھر میں سفر کریں۔ سکیورٹی ایجنسیز وا قعہ کی تحقیقات کرر ہی ہیں، غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیا جارہا ہے ، وزارت خارجہ کو اس حوالے سے اطلاع نہ دینے کا بھی سخت نوٹس لیا جارہا ہے ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے غیرملکی سفیروں کے دورے کے بارے میں آگاہ نہیں کیا۔ چیمبر آف کامرس کے خلاف کارروائی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ غیرملکی سفارت کاروں کو بھی متعدد مواقعوں پر جاری گائیڈ لائنز کی پیروی  کرنے کا کہاجاتاہے ۔سفارت کاروں کے دورے کے حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت کو اطلاع دی گئی تھی، ہمارے پاس اس حوالے سے دستاویزی ثبوت موجود ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت لبنان کی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی ہے ، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کو جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے ۔وزیراعظم نے لیڈر شپ فار پیس اجلاس میں دنیا میں امن و استحکام کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مالدیپ، تر کیہ ، کویت اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقاتیں کیں، ترجمان نے بتایا کہ نیو یارک میں او آئی سی کانٹیکٹ گروپ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے اعلامیہ میں مقبوضہ کشمیر میں متعدد سیاسی جماعتوں اور کشمیریوں کی جائیدادوں کی غیر قانونی ضبطگی کی مذمت کی گئی ۔پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے 88 فلسطینیوں کی گلی سڑی لاشوں کا ایک کنٹینر غزہ بھیج دیا ، اسرائیل کو مرنے والوں کی شناخت ظاہر کرنی چا ہئے ۔ترجمان کامزید کہناتھا کہ دنیا کو افغانستان کے ساتھ تعاون کرنا چا ہئے تاکہ لوگوں کے لئے معاشی مواقع پیدا ہو ، افغانستان کے لوگوں کی فلاح ہماری ترجیحات میں شامل ہے ، ہم افغانستان کو ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ افغانستان ٹی ٹی پی کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کرے ، افغانستان سے دہشتگردی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں