سربراہ آئی ایم ایف کو بھی بٹھا دیں تو معیشت نہیں چل سکتی، علوی
لاہور ( این این آئی) سابق صدر مملکت و پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے سربراہ کو بھی بٹھا دیا جائے تو ملکی معیشت نہیں چل سکتی،معیشت لوگوں کے ساتھ انصاف کرنے پر چلتی ہے۔
حکمران لوگوں کے ساتھ مل کر نہیں چلیں گے تو معاشی استحکام نہیں آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پی ٹی آئی مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ونگ کے زیر اہتمام ختم نبوتﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عارف علوی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے انصاف پر مبنی ریاست کی بنیاد رکھی۔عدل وہ کیفیت ہے جو قانون ضرور پکڑے گا ،پاکستان میں آج اس کی ضرورت ہے ۔نبی کریم ﷺکا مدینے اور کلمہ میں جو دور گزرا وہ عدل کا گزرا۔انہوں نے کہا کہ یہ دھاندلی والے لوگ ہیں ،یہ فارم 47 والے لوگ ہیں انکی عزت کیسے کریں، یہ آج آڈیو ریکارڈنگ کرکے سب کو سناتے ہیں انکو شرم نہیں آتی۔یہ ظالم لوگ ہم سب کو ریکارڈنگ کرکے سناتے رہتے ہیں۔جب آدمی بڑے عہدے پر پہنچے تو اس میں عاجزی ہونی چاہیے ، عمران خان نے صحیح کہا کہ سارے ان پڑھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایران نے مقابلہ کر کے دکھایا اس کی تعریف کرتا ہوں، فلسطین پر ظلم و بربریت جاری ہے کوئی بول نہیں رہا۔