جعلی دستاویزات پر امریکا جانے کی کوشش کرنیوالا ملزم گرفتار
کراچی (سٹاف رپورٹر، خبر ایجنسی) ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم کو کراچی میں واقع امریکی قونصل خانے کے باہر سے گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت شکیل رفیق کے نام سے ہوئی، جبکہ ملزم کا تعلق لاہور سے ہے ۔ ملزم کے خلاف امریکی قونصل خانے کی درخواست پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ملزم نے سجاد نامی ایجنٹ سے جعلی دستاویزات حاصل کیں ۔سجاد نامی ایجنٹ ملزم کا دوست بھی ہے ۔ ملزم نے سجاد نامی شخص سے 32 ہزار اماراتی درہم کے عوض معاملات طے کیے اور ابتدائی طور پر 4 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے ادا کیے ، جبکہ بقایا رقم ویزا لگنے پر ادا کرنا تھی۔ ملزم نے امریکی قونصل خانے میں خود کو کرکٹ کلب سے وابستہ ظاہر کیا اور جعلی دستاویزات پیش کیں، لیکن ملزم کرکٹ کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں رکھتا تھا۔ ملزم امریکی قونصلیٹ کے عملے کو دستاویزات کے حوالے سے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ مقدمے میں نامزد ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ادھر جعلی ویزے پر کینیڈا جانے والے ملزم کی ایف آئی اے حراست سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم زین نے جعلی ویزے پر کینیڈا جانے کی کوشش کی، جس پر ایف آئی اے نے ملزم کو آف لوڈ کر کے جعلی ویزے کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے سینٹر منتقل کر دیا تھا، ملزم نے فرار ہونے کے لئے واش روم جانے کے بہانے ایف آئی اے کی عمارت سے چھلانگ لگادی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ ملزم کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔