وکلا کا آئینی ترمیم کیخلاف ملک میں تحریک شروع کرنیکااعلان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر وکیل حامد خان نے ملک میں وکلا تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وکیل حامد خان نے کہا کہ آئینی ترمیم کے لیے حکومت کے نمبر پورے نہیں تھے کیوں کہ اختر مینگل کے 2 لوگ اٹھا کر سینیٹ لائے گئے ہیں۔
حامد خان نے کہا کہ اختر مینگل نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ وہ اس ترمیم کے خلاف ووٹ ڈالیں گے تو پھر کس طرح ان سے ووٹ لیے گئے ، اس کا مطلب ہے کہ جبر کے ساتھ ان سے ووٹ لیے گئے ۔کیا آپ تنظیمی لیول پر وکلا کو متحرک کرنے جارہے ہیں، تحریک انصاف اور سارے لوگ احتجاج کریں گے ؟ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے ، بہت سی سیاسی جماعتیں جو ہمارے ساتھ تھیں آج ان کی طرف ہوگئیں جو ہمارے لیے تکلیف دہ ہے ۔سیاسی جماعتوں کی مجبوریاں ہوتی ہیں، ہم وکیل پارٹیوں سے ہٹ کر ہیں اور ہم نے اپنا مقصد سیاسی جماعتوں کے بغیر حاصل کرنا ہے ، ہم سمجھتے ہیں کہ آج جو ترمیم ہوئی ہے وہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہے ، اس لیے یہ قائم نہیں رہ سکتی۔یہ ترمیم آئین کے دو بنیادی نکات آزاد عدلیہ اور طاقت کی تقسیم کے خلاف ہے ، پارلیمنٹ علیحدہ ادارہ ہے جبکہ جوڈیشری بھی ایک علیحدہ معاملہ ہے ، دونوں ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتے ۔